راولپنڈی: سری لنکا کے موجودہ اور سابق ٹیسٹ کپتانوں، کشل مینڈس اور دھننجایا ڈی سلوا نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو چار وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز تک پہنچا دیا۔
خراب روشنی کے باعث جب کھیل روکا گیا تو دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم ہو چکی تھی، جس میں کشل مینڈس نے 117 اور دھننجایا ڈی سلوا نے 167 رنز بنائے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 434 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی تھی، جس کے جواب میں سری لنکا نے تیسرے روز 3 وکٹوں پر 114 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔
صبح کے سیشن میں دھننجایا ڈی سلوا نے کامنڈو مینڈس (58) کے ساتھ مل کر پاکستان کے بولرز کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ کامنڈو مینڈس کے محمد عباس کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد، دھننجایا اور کشل مینڈس نے پاکستانی بولنگ لائن اپ کو بے بس کر دیا۔
پاکستان، جو صرف دو ماہر فاسٹ بولرز محمد عباس اور ڈیبیو کرنے والے ثاقب خان، اور دو آل راؤنڈرز رضا اللہ اور عرفات منہاس کے ساتھ میدان میں اترا ہے، بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر بولنگ کے وسائل کی شدید کمی کا شکار نظر آیا۔
محمد عباس اور ثاقب خان نے اب تک دو دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ میچ کے اختتام پر سری لنکا کو پاکستان کا ٹوٹل برابر کرنے کے لیے صرف 30 رنز درکار ہیں جبکہ ٹیسٹ کے دو دن باقی ہیں، تاہم چوتھے روز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔