پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکن بلے باز دھننجے ڈی سلوا اور کپتان کشال مینڈس کی شاندار سنچریوں ک بدولت سری لنکا کی ٹیم پورے دن میں محض ایک وکٹ کھو کر 290 بنانے میں کامیاب رہی۔
کشال مینڈس سنچری سکور کرنے کے بعد شائقین سے داد وصول کرتے ہوئے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکن بلے باز دھننجے ڈی سلوا اور کپتان کشال مینڈس کی شاندار سنچریوں ک بدولت سری لنکا کی ٹیم پورے دن میں محض ایک وکٹ کھو کر 290 بنانے میں کامیاب رہی۔
تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان کے 434 رنز کے جواب میں سری لنکا نے تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے تھے۔
دھننجے ڈی سلوا نے 20 چوکوں کی مدد سے 167 رنز بنائے ہیں۔تیسرے روز کے کھیل کے دوران پاکستان کو پہلی اور واحد کامیابی اس وقت ملی جب کمندو مینڈس 42ویں اوور میں محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر غازی غوری کو کیچ دے بیٹھے۔ انھوں نے 58 رنز بنائے۔
جب خراب روشنی کے باعث تیسرے دن کا کھیل بند ہوا تو سری لنکا کا مجموعی سکور چار وکٹوں کے نقصان 404 رنز تھا۔
دھننجے ڈی سلوا 20 چوکوں کی مدد سے 167 جبکہ کپتان کشال مینڈس 117 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
’سعود شکیل کا کیچ ڈراپ کرنا پاکستان ٹیم کو مہنگا پڑ گیا‘
جہاں دوسرے دن کے کھیل کے بعد سوشل میڈیا پر ہر طرف پاکستان کے پالرز کا چرچا تھا وہیں تیسرے دن صارف پاکستان کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے نظر آئے۔
سپورٹس جرنلسٹ سلیم لکھتے ہیں کہ ’سعود شکیل کا کیچ ڈراپ کرنا پاکستان ٹیم کو مہنگا پڑ گیا ،دھننجے ڈی سلوا کو 38 رنز پر چانس ملا اور وہ سنچری بنا گئے۔‘
سپورٹس تجزیہ کار مظہر ارشد لکھتے ہیں کہ یہ کشال مینڈس کے لیے کپتانی کا شاندار آغاز ہے۔
’وہ بطور کپتان اپنی پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے پہلے سری لنکن بلے باز بن گئے ہیں۔ اس سے قبل وہ میچ میں پانچ کیچ بھی پکڑ چکے ہیں، اور ابھی اُن کا کام ختم نہیں ہوا۔‘
ایک صارف نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایمپائر کی جانب سے راولپنڈی میں خراب روشنی کے باعث کھیل روکنے کے فیصلے پر بابر اعظم کافی خوش دکھائی دیتے ہیں۔
ثاقب خان نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں تجربہ کار بلے باز دنیش چندی مل کی وکٹ بھی شامل ہےدوسرے دن کے کھیل کا احوال
دوسرے روز پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو سعود شکیل اور غازی غوری نے پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ غازی غوری 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سعود شکیل کا ساتھ دینے ان فارم عرفات منہاس آئے۔ سعود شکیل نے 93 رنز بنائے۔
پاکستان کا سکور نو وکٹوں کے نقصان پر 434 ہوا تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔
سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور محض سات رنز کے سکور پر اوپنر پسندو سوریا بندارا بنا کوئی رن بنائے محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے بولر ثاقب خان کی نپی تلی پولنگ تھی۔ انھوں نے سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز دنیش چندی مل کی وکٹ لے کر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ حاصل کر لی۔ ثاقب خان کی دوسری وکٹ لاہیرو اوڈارا کی تھی جو 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے تھے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن: طیب عارف اور محمد طحہ کی نصف سنچریاں

’ہیلو ٹو ٹیسٹ کرکٹ‘
پاکستان کرکٹ کے آفیشل ایکس ہینڈل پر نمودار ہونے والا یہ پیغام پاکستان کے لیے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے طیب عارف کی نصف سنچری پر اُن کی تعریف پر مبنی تھا۔
لیکن اس سے پہلے ہی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اذان اویس کے ہمراہ اوپننگ کے لیے آنے والے طیب عارف اپنی کور ڈرائیو اور وکٹ کے چاروں جانب کھیلے جانے والے سٹروکس کی بدولت راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں موجود شائقین سے داد سمیٹ رہے تھے۔
طیب عارف کی اننگز کی خاص بات اُن کا سٹرائیک ریٹ تھا، اُنھوں نے ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔
طیب عارف جب پویلین لوٹے تو اگلے بلے باز محمد طحہ تھے اور اُن کا بھی یہ پہلا ٹیسٹ میچ تھا، لیکن اُنھیں اپنے تجربہ کار کپتان بابر اعظم کا ساتھ حاصل تھا۔
محمد طحہ محتاط انداز میں اپنی اننگز آگے بڑھا رہے تھے، لیکن بابر اعظم راولپنڈی کی گرین ٹاپ وکٹ پر جارحانہ انداز میں بلے بازی کر رہے تھے۔
سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے یہ سوچ کر ہی پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی کہ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار اور راولپنڈی کی خنک صبح میں نمی کا فائدہ اُٹھا کر پاکستان کے ابتدائی کھلاڑیوں کو جلد پویلین بھیج دیا جائے گا۔
لیکن پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے طیب عارف اور محمد طحہ کی اننگز اور کپتان بابر اعظم کی نصف سنچری نے مہمان ٹیم کی اس خواہش پر پانی پھیر دیا۔
محمد طحہ سے پہلے کپتان بابر اعظم بھی نصف سنچری بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے اور ایسے میں محمد طحہ نے سعود شکیل کے ساتھ مل کر پاکستان کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ لیکن طحہ بھی 105 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
لیکن بولرز کے لیے سازگار وکٹ پر یہ دونوں نوجوان بلے باز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے تھے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز خراب روشنی کے باعث جب ختم ہوا تو پاکستان نے 67.2 اوورز میں 281 رنز بنا لیے تھے۔ سعود شکیل 57 جبکہ وکٹ کیپر غازی غوری سات رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستانی اننگز کی خاص بات تیز رفتاری کے ساتھ رنز بنانا بھی تھی، پاکستان نے 4.17 رنز فی اوور کی اوسط سے یہ رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے دو، دلشان مدوشنکا، ملان رتنائیکا اور سونل دنوشا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔