وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات، علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

image

انطالیہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، سینیٹر شیری رحمان اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری تنازعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن و استحکام کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں پر پیش رفت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور باہمی مشاورت و رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US