اس فلم میں کئی ایسے مکالمے بھی ہیں جو شمالی ہندوستانی عوام میں معروف ہیں، جیسے سلمان کہتے کہ آپ نے سنا ہی ہوگا کہ ’ایک بہاری سو پر بھاری‘ والا ڈائيلاگ اس میں شامل ہے۔ یا پھر 'ایک بات یاد رہے کہ بہادری صرف لڑنے میں نہیں بلکہ لڑائی روکنے میں بھی ہوتی ہے۔‘
’یہ لڑائی کب ختم ہو گی؟‘
’وہ لوگ جو جنگ کا اعلان کرتے ہیں، وہ جب ہمارے ساتھ میں آ کر لڑیں گے، تب یہ جنگ کبھی نہیں ہو گی۔‘
یہ ’بالی وڈ کے بھائی جان‘ سلمان خان کی نئی متنازع فلم ’ماتربھومی: مے وار ریسٹ ان پیس‘ کے ٹریلر میں سنائی دینے والا ڈائیلاگ ہے جو فلم کا مرکزی خیال معلوم ہوتا ہے۔
گذشتہ روز فلم کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی سلمان خان اور ان کی فلم پر ایک بار پھر گرما گرم مباحثہ شروع ہو گيا۔ کسی نے سلمان کی تعریف کی تو کسی نے فلم کی۔
چار منٹ 35 سیکنڈ پر مشتمل فلم کے ٹریلر کی ابتدا انگریزی میں لکھے ایک جملے سے ہوتی ہے جس کا مفہوم کچھ اس طرح ہے: ’جنگ سے سب سے زیادہ نفرت اُس فوجی کو ہوتی ہے جس نے خود جنگ کا تجربہ کیا ہو، کیونکہ جنگ صرف اُن فوجیوں کے لیے ختم ہوتی ہے جو اس میں مارے جاتے ہیں۔‘
ایک اور سین میں سلمان خان کہتے ہیں ’موت سے کیا ڈرنا، اسے تو آنا ہے۔‘
اس فلم میں کئی ایسے مکالمے بھی ہیں جو شمالی ہندوستانی عوام میں معروف ہیں، جیسے سلمان کہتے کہ آپ نے سنا ہی ہوگا کہ ’ایک بہاری سو پر بھاری‘ والا ڈائيلاگ اس میں شامل ہے۔ یا پھر 'ایک بات یاد رہے کہ بہادری صرف لڑنے میں نہیں بلکہ لڑائی روکنے میں بھی ہوتی ہے۔‘
بہت سے لوگوں نے اس کے گیت ’مدرا پان کریں گے سارے، آج گجریا کرے اشارے‘ اور ’تجھ پہ مٹے گی زندگانی، تیرے ہی دم سے اپنی کہانی‘ کی بھی تعریف کی ہے۔
اس سے قبل اس فلم کا ٹیزر ’بیٹل آف گلوان‘ کے نام سے گذشتہ سال 27 دسمبر کو ریلیز ہوا تھا جبکہ فلم کی کہانی انڈیا اور چین کے درمیان سنہ 2020 میں گلوان وادی میں ہونے والی خونریز جھڑپوں کے گرد گھومتی ہے۔
پہلے اس فلم کو 17 اپریل سنہ 2026 کو سنیما گھروں میں آنا تھا لیکن پھر اسے مؤخر کر دیا گيا۔
ٹیزر کے ریلیز ہونے کے بعد چینی حکومت کے قریب سمجھے جانے والے میڈیا ہاؤس ’گلوبل ٹائمز‘ نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اسے حساس موضوع پر مبنی پروپیگنڈہ فلم قرار دیا تھا۔
تنازعے کے بعد سلمان خان نے مارچ کے مہینے میں نام کی تبدیلی کا اعلان اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا جس کے بعد متعدد صارفین نے اسے حکومت کو خوش کرنے کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کے مطابق حکومت یہ نہیں چاہتی کہ فلم کی وجہ سے انڈیا اور چین کے تعلقات مزید کشیدہ ہوں۔
تاہم سلمان خان نے فلم ٹریلر کے لانچ کے موقع پر ان خبروں کو مسترد کیا کہ حکومت کے دباؤ میں اس کی کہانی بدلی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 15 جون سنہ 2020 کو وادی گلوان میں ہونے والی جھڑپ میں انڈیا کے 20 اور چین کے کم از کم چار فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
ٹیزر میں چینی فوجیوں کے ساتھ انڈین فوجیوں کی جھڑپ اور تصادم کو دکھایا گیا ہے۔ فلم کے کچھ گھریلو لمحات بہت جذباتی ہیں۔
سلمان خان کی فلم کا ٹیزر ہو اور سوشل میڈیا پر اس کے متعلق بات نہ ہو، یہ مشکل ہے۔
ٹریلر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر سلمان خان کی سکرین پریزنس اور ان کے جذباتی انداز کی تعریف ہو رہی ہے، لیکن فلم کے ویژول ایفیکٹس اور بعض مناظر میں مبینہ طور پر اے آئی (مصنوعی ذہانت) کے استعمال پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔
کچھ ناظرین کے مطابق گرین سکرین اور مصنوعی دکھائی دینے والے مناظر فلم کے مجموعی تاثر کو متاثر کر سکتے ہیں۔
جتن شاہ نامی ایک صارف نے لکھا: ’ماتربھومی کا ٹائٹل ٹریک اچھا ہے۔ تاہم، گانے میں لپ سنک (ہونٹوں کی ہم آہنگی) اور بعض حصوں میں اس کے دوگانے (ڈیوئٹ) جیسا انداز، ٹریک کے مجموعی اثرات کو کمزور کر دیتا ہے۔‘
شاہ رخ خان کے ایک فین نے لکھا کہ ’بھائی نے ہم شاہ رخ خان کے فینز کو ٹرولنگ کرنے کا صفر مواد دیا ہے۔‘
ریڈ اٹ پر آئی سی ڈسپلے نامی ایک صارف نے لکھا: ’میں تو ایک مکمل شرمناک اور تباہ کن فلم کی توقع کر رہا تھا۔ لیکن یہ، بس ایک عام سی فلم نکلی۔ یوں سمجھیں، شاید کچھ بہتر ہے۔ پھر بھی لگتا ہے کہ یہ سلمان خان کی نسبتاً کمزور پرفارمنس والی فلم ہے۔‘
انھوں نے سوال کیا کہ ’کیا وہ اپنی فلموں میں کبھی دوبارہ قدرتی انداز میں بات کرتے ہوئے نظر آئیں گے ؟‘
یہ فلم چار دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور یہ سلمان خان فلمز کے بینر تلے تیار ہوئی ہے۔ لوگ ابھی سے پہلے دن اور پہلے شو کی بات کر رہے ہیں۔ جبکہ کچھ اسے ’دیر آید درست آید‘ قرار دے رہے ہیں۔
فلم میں چترانگدا سنگھ نے ان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا ہے۔
ان کے علاوہ فلم میں مکیش رشی، انکور بھاٹیہ، زین شا اور ابھیلاش چودھری بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، جبکہ وجے راز نے بطور راوی اپنی آواز دی ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔