راولپنڈی: 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (PARA) سنٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ (اے ایم یو) جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میگا شوٹنگ ایونٹ 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہا، جبکہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ اعزاز تقریب میں شرکت کی اور مختلف کیٹیگریز میں کامیاب اور رنر اپ کھلاڑیوں میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کے ہمراہ ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
مقابلے میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، سول آرمڈ فورسز، سندھ و پنجاب رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، وفاقی رائفل ایسوسی ایشن اور سولین ٹیموں سمیت 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چوتھی انٹر سروسز کمبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی نے چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کرلی، جبکہ پاکستان آرمی کی آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے پرائم منسٹر ’اسکلز ایٹ آرمز‘ بگ بور نیشنل چیلنج میچ بھی جیت لیا۔
پاک فوج کے اعلیٰ ترین فوجی شوٹنگ اعزاز ’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘ ٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان نے حاصل کی۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔
تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت، درستگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت ایک پیشہ ور فوجی کی نمایاں خصوصیت ہے، جبکہ چھوٹے ہتھیاروں پر مکمل عبور بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ برقرار رہنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔