چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا اور ملکی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس شعبے سے وابستہ تمام افراد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف محض خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین تیار کرنا ہے، اور ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر پیدا کرے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا لازمی ہیں تاکہ معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری آسکے۔ پاکستانی عوام کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں، وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کے لیے ہمارے لوگ اصل طاقت اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔