دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست جاری، شہباز شریف اور عاصم منیر کو اہم مقام مل گیا

image

دنیا کی بااثر ترین مسلم شخصیات کون ہیں اور عالمی سطح پر کن رہنماؤں کا اثر و رسوخ سب سے زیادہ ہے؟ اردن سے جاری ہونے والی سالانہ فہرست میں اس بار پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔

اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے سال 2027 کے لیے دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست شائع کردی ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے نام سرفہرست رہنماؤں میں شامل ہیں۔

اس فہرست میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی نمایاں ہیں۔ اشاعت میں شامل خصوصی مضمون ’جوائنٹ نمبر ون‘کے مطابق پانچ عالمی رہنماؤں کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دینے کی اہم وجہ مکہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کتاب کے ابتدائی چارٹ اور خصوصی مضمون میں درجہ بندی مختلف انداز میں پیش کی گئی ہے۔ ٹاپ 50 کے چارٹ میں سعودی قیادت پہلے، پاکستانی قیادت دوسرے اور ترک صدر تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ خصوصی مضمون میں پانچوں رہنماؤں کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے مشترکہ طور پر سرفہرست دکھایا گیا ہے۔

دیگر اہم شخصیات میں ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے، اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے ممتاز مذہبی اسکالر مفتی محمد تقی عثمانی کو ساتواں مقام دیا گیا ہے، جبکہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم تیرہویں اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سولہویں پوزیشن پر ہیں۔

یہ اس عالمی اشاعت کا اٹھارہواں سالانہ ایڈیشن ہے۔ اس مرتبہ پہلی بار پانچ رہنماؤں کو مشترکہ طور پر سب سے نمایاں مقام دیا گیا ہے، جو فہرست کے گزشتہ ایڈیشنز کے مقابلے میں ایک اہم تبدیلی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US