بلوچستان کے ضلع نوشکی کے قریب 14 نومبر 2026ء کو شہادت پانے والے پاک فوج کے میجر عمر ناصر منہاس شہید اور حوالدار محمد عدنان خان شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، ایچ جے، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہداء کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور پوری قوم نے شہداء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہداء کی بہادری، فرض شناسی اور مادر وطن کے لیے غیر متزلزل عزم قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر عمر ناصر منہاس شہید اور حوالدار محمد عدنان خان شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔