نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے اجلاس کے دوران ہونے والی مفید مشاورت، پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے ای سی او کی ترجیحات بالخصوص علاقائی تعاون اور رابطوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ زیر التوا مسائل کے حل، کشیدگی کی روک تھام اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔