"میں ان تمام لوگوں کی دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے والد کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں اور ہماری خیریت دریافت کی۔ این آئی سی وی ڈی کے ڈاکٹروں اور پوری کارڈیک ٹیم کا بھی بے حد شکریہ جنہوں نے میرے والد کی بہترین دیکھ بھال کی۔ آپ سب سے درخواست ہے کہ میرے پاپا کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔"
یہ جذباتی پیغام معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان جویریہ سعود نے اپنے والد کے ساتھ اسپتال سے نئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دیا، جس کے بعد مداحوں نے بھی ان کے والد کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں شروع کردیں۔
چند روز قبل جویریہ سعود نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی افسوس ناک خبر شیئر کی تھی۔ اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کے والد کو دل کا دورہ پڑا ہے اور تشویش ناک حالت کے باعث انہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ یعنی آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔
اس خبر نے جویریہ سعود کے مداحوں اور شوبز شخصیات کو پریشان کردیا تھا، تاہم کچھ ہی عرصے بعد اداکارہ نے خوش خبری سنائی کہ ان کے والد کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔
اب جویریہ سعود نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر والد کے ساتھ اسپتال میں لی گئی چند نئی تصاویر شیئر کی ہیں، جن کے ذریعے انہوں نے مداحوں کو ان کی صحت سے متعلق مثبت اپ ڈیٹ دی ہے۔
اداکارہ نے مشکل وقت میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (NICVD) کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کو بھی سراہا۔
جویریہ سعود کی قریبی دوست اور معروف میزبان مایا خان نے بھی ان کے والد کی صحت یابی کے لیے دعا کی، جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ جویریہ سعود گزشتہ تقریباً 25 برس سے پاکستانی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور یہ زندگی ہے، بے بی باجی، نند اور محبت سترنگی جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
جویریہ سعود کے والد کی طبیعت میں بہتری کی خبر پر مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ان کی مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔