امیتابھ بچن کے گھر پر حملے کی سازش ناکام، بشنوئی گینگ کے دو شوٹر گرفتار

image

بالی ووڈ کے معروف سینئر اداکار امیتابھ بچن پر ممکنہ حملے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دہلی پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ شوٹرز، وکاس ٹھاکر عرف وکی اور دیپک سنگھ عرف دیپ کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان ممبئی میں اداکار کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ پر فائرنگ کرنے اور دہلی کے ایک تاجر سے بھتہ وصول کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ابتدائی تفتیش میں یہ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اس حملے کی سازش کا تعلق 1984ء کے سکھ مخالف فسادات کے حوالے سے امیتابھ بچن کے ایک مبینہ بیان سے ہو سکتا ہے، تاہم اصل محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

حراست میں لیے گئے ملزمان غیر قانونی اسلحے کی اسمگلنگ اور بھتہ خوری سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ دیپک سنگھ پر رواں برس 3 اکتوبر کو امرتسر میں انسٹاگرام انفلوئنسر میڈ سندھو کے قتل کا الزام بھی عائد ہے۔ پولیس نے دونوں افراد کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کر کے بیرونِ ملک مقیم گینگسٹرز اور ان کے نیٹ ورک کے حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب، امیتابھ بچن کو گزشتہ ایک ماہ کے دوران تین مرتبہ (23 اکتوبر، 6 نومبر اور 12 نومبر کو) بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں، جن میں ان کے گھر سمیت ممبئی ایئرپورٹ، میئر آفس، بمبئی ہائی کورٹ اور اسٹاک ایکسچینج کو نشانہ بنانے کا کہا گیا تھا، تاہم تلاشی کے دوران کسی بھی مقام سے کوئی مشکوک شے برآمد نہیں ہوئی۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اداکار یکم نومبر کو بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے اپنے مداحوں سے ملے تھے، البتہ 8 اور 15 نومبر کو انہوں نے معمول کے مطابق ملاقاتیں کیں، جبکہ حالیہ صورتحال کے دوران انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’بچ گئے‘ کا مختصر اور پراسرار پیغام بھی پوسٹ کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US