احسن خان سے بچھڑنے کے بعد سچی محبت دوبارہ نصیب نہ ہوسکی: اداکارہ لیلیٰ

image

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ لیلیٰ نے ساتھی فنکار احسن خان کے ساتھ اپنی ماضی کی وابستگی اور ذاتی زندگی کے نشیب و فراز کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔

حال ہی میں اداکارہ و میزبان متھیرا کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ 17 برس کی عمر میں وہ احسن خان کی محبت میں گرفتار تھیں، تاہم نوعمری کا یہ تعلق زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا اور دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی احسن خان کو اچھے الفاظ میں یاد کرتی ہیں کیونکہ وہ ایک نہایت مثبت شخصیت کے مالک ہیں۔ لیلیٰ کے مطابق جب وہ اپنی زندگی کے بدترین بحران سے گزر رہی تھیں اور سب کچھ گنوا بیٹھی تھیں، تو ایسے کٹھن وقت میں جہاں قریبی دوستوں نے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، وہیں احسن خان نے انہیں فون کر کے ان کی دلجوئی کی۔

اپنی شادی سے متعلق سوال کے جواب میں لیلیٰ نے بتایا کہ زندگی میں پے در پے پیش آنے والے تلخ واقعات اور سانحات کی وجہ سے انہیں گھر بسانے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔ چونکہ ان کے خاندان کی ذمہ داریاں بھی انہی کے کندھوں پر ہیں، اس لیے وہ کسی ایسے شخص کو اپنا جیون ساتھی بنانا چاہتی ہیں جو ان کی گھریلو مجبوریوں اور حالات کو بخوبی سمجھ سکے۔

انہوں نے مزید اعتراف کیا کہ احسن خان سے بچھڑنے کے بعد ان کے دل میں دوبارہ کسی کے لیے ویسے جذبات پیدا نہیں ہوئے، انہیں اس کے بعد سچی محبت نصیب نہ ہوسکی اور اب انہیں اردگرد کی ہر شے بناوٹی محسوس ہوتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US