پچاس سالہ شرد کپور متعدد بڑی بالی ووڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں، جن میں شاہ رخ خان کے ساتھ بنائی گئی فلم جوش اور سشمیتا سین کی فلم دستک بھی شامل ہے۔
گذشتہ کئی دنوں سے انڈین اداکار شرد کپور کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرتی نظر آ رہی ہیں، جن میں ان کی صحت خراب نظر آ رہی اور وہ کچھ میں وہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر نظر آتے ہیں۔
پچاس سالہ شرد کپور متعدد بڑی بالی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں، جن میں شاہ رخ خان کے ساتھ بنائی گئی فلم ’جوش‘ اور سشمیتا سین کی فلم ’دستک‘ بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈٰیو میں شرد کپور اور ان کی دوست ہیما چوہدری ساتھ نظر آئے اور ان کی دوست نے کہا کہ وہ عارضی طور پر انڈین اداکار کے چار کتوں کو اپنے ساتھ لے کر جا رہی ہیں۔
شرد کپور گذشتہ کئی برسوں سے انڈسٹری میں کام نہیں کر رہے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ ’ڈپریشن میں چلے گئے تھے اور ان کا کام کرنے یا کسی سے ملنے کا دل نہیں چاہتا تھا۔‘
اسی ویڈیو میں انھوں نے فلم انڈسٹری سے مدد کی اپیل بھی کی: ’میں فلم انڈسٹری سے اپیل کرتا ہوں کہ میری مدد کریں۔ میں جن بھی مالی مشکلات میں ہوں، ان سے نکلنا چاہتا ہوں۔‘
’مجھے مالی، اخلاقی اور ذہنی مدد کی ضرورت ہے۔ میں تمام سینیئر ایکٹرز کا فین ہوں اور میں نے انھیں ہمیشہ اپنا ہیرو مانا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر بھی شرد کپور کی ویڈیوز اور ان کی صحت سے متعلق خدشات پر لوگ فکر مند نظر آ رہے ہیں۔ لیکن پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ ماضی میں بڑی بڑی فلموں میں نظر آنے والے اداکار اچانک اتنی بڑی پریشانیوں میں کیسے گھر گئے؟
’مجھے کام کی ضرورت ہے‘
سوشل میڈیا پر اداکار کی پریشان کن ویڈیوز کے منظر عام پر آنے کے بعد ’بومبے ٹائمز‘ نے شرد کپور کا انٹرویو کیا ہے، جس میں انھوں نے اپنی پریشانیوں کا ذکر کیا ہے۔
بومبے ٹائمز کے مطابق شرد کپور کے باندرا میں واقع شرد کپور کے فلیٹ کی حالت زیادہ اچھی نہیں تھی اور فرش پر جگہ جگہ کچرا پڑا ہوتا تھا۔
تاہم اداکار کا اصرار ہے کہ انھیں مالی مدد نہیں بلکہ کام کی ضرورت ہے۔
اس انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’مالی طور پر میری حالت ٹھیک ہے، مجھے کام کی ضرورت ہے اور مجھے کام مانگنے میں کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی، فی الحال مجھے کام ڈھونڈنے میں مشکل کا سامنا ہے اور مجھے امید ہے کہ لوگ میری مدد کریں گے۔‘
فلم انڈسٹری سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے شرد کپور نے کہا کہ فُٹبال کھیلتے ہوئے وہ زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے انھیں مشکلات کا سامنا رہا۔
’کچھ مہینوں پہلے فُٹبال کھیلتے ہوئے میری ٹانگ ٹوٹ گئی تھی جس کے بعد میری ہمت ٹوٹ گئی اور میں پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس پریشانی سے چھٹکارا حاصل کرنے میں نھیں مزید تین مہینے لگیں گے اور انھیں یقین ہے کہ اس کے بعد ان کی فلم انڈسٹری میں واپسی ہوگی۔
’اچھے لوگوں کا تھوڑا برا وقت بھی آ جاتا ہے، لیکن ان کا وقت کبھی گزرتا نہیں ہے۔‘
انھوں نے دعویٰ کیا کہ انھیں کار کی ضرورت نہیں تھی اس لیے انھوں نے اپنی گاڑی فروخت کر دی۔
شرد کپور نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں نے اپنی کرپٹو کرنسی فروخت کی تھی، جس کے بعد میرا بینک اکاؤنٹ فریز کر دیا گیا۔ انکم ٹیکس والوں نے مجھے سے پوچھا کہ یہ پیسے میرے پاس کہاں سے آئے ہیں، میں نے وضاحت دی کہ میں نے اپنی کرپٹو کرنسی فروخت کی ہے۔‘
’لیکن میرا مسئلہ حل نہیں ہوا۔ اس دوران کولکتہ میں میرے بھائی کا ریستوران ہے اور انھوں نے مجھے پیسے بھیجے۔‘
انڈین اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ’اس سے قبل میں نے کبھی اپنے خاندان سے مالی مدد نہیں مانگی، لیکن اب میرے بھائی میری مدد کر رہے ہیں۔‘
سوشل میڈیا پر لوگوں کے تبصرے
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین بالی ووڈ سے شرد کپور کی مدد کی اپیلیں کرتے ہوئے نظر آئے۔
سلمان نظامی نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’بالی ووڈ انھیں بھول چکا ہے، ان کی موجودہ حالت انتہائی پریشان کُن ہے۔ شرد کپور عزت، دیکھ بھال، محبت اور اچھی زندگی کے مستحق ہیں۔‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’میں فلم انڈسٹری اور تمام خیر خواہوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے بڑھیں اور شرد کپور کی مدد کریں۔‘
ایک اور صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ایک آرٹسٹ بھلے سے ہی سکرین سے غائب ہو جائے لیکن سنیما کے لیے اس کی خدمات کبھی بھی فراموش نہیں کی جانی چاہییں۔‘
ایک اور ایکس صارف نے بالی ووڈ کو مخاطب کر کے کہا کہ شرد کپور کو ایک موقع ضرور ملنا چاہیے۔
’بالی وڈ، براہِ کرم باصلاحیت اداکار شرَد کپور کو ایک اور موقع دیں۔ ان جیسے مستحق فنکار کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے دوسرا موقع ملنا چاہیے۔ آئیے ان کی حمایت کریں اور انہیں دوبارہ بڑی اسکرین پر واپس آنے میں مدد دیں۔ صلاحیت اعتراف کی مستحق ہوتی ہے، فراموش کیے جانے کی نہیں۔‘
شرد کپور اپنے 30 سال سے بھی زیادہ کیریئر میں متعدد بڑی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
ان کا کیریئر سنہ 1994 میں فلم ’میرا پیارا بھارت‘ شروع ہوا تھا کہ جس کے بعد انھوں سشمیتا سین اور مُکل دیو کے ساتھ فلم ’دستک‘ میں ایک ولن کا کردار بھی ادا کیا تھا۔
سنہ 2000 میں انھوں نے شاہ رخ خان اور ایشوریا رائے بچن کے ساتھ فلم ’جوش‘ میں بھی کام کیا تھا۔
اس کے علاوہ وہ فرحان اختر کی فلم ’لکشیا‘ اور سہیل خان کی فلم ’جے ہو‘ میں بھی نظر آئے تھے۔