ڈرامہ درِ نجات میں دُرفشاں سلیم کا لباس راتوں رات اتنا مہنگا کیسے ہوگیا؟ قیمت جان کر مداح حیران!

image

"جو لباس پہلے 16 ہزار 500 روپے کا تھا، وہ اچانک 38 ہزار روپے کا کیسے ہوگیا؟"

"کیا اب ڈرامے میں اداکارہ کے پہننے سے کپڑوں کی قیمتیں بھی دگنی سے زیادہ ہوجائیں گی؟"

یہ وہ سوالات ہیں جو ڈرامہ درِ نجات میں دُرفشاں سلیم کے پہنے گئے خوبصورت لباس کی قیمت میں حیران کن اضافے کے بعد سامنے آرہے ہیں۔

مقبول ڈرامہ درِ نجات ان دنوں نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت، بنگلہ دیش، نیپال اور مشرقِ وسطیٰ میں بھی خوب مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ عمیرہ احمد کے تحریر کردہ اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کی کہانی کے ساتھ ساتھ دُرفشاں سلیم کے ملبوسات بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

خاص طور پر ڈرامے میں زریاب کا کردار ادا کرنے والی دُرفشاں سلیم کا ایک خوبصورت آف وائٹ کڑھائی والا لباس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جسے دیکھتے ہی خواتین کی بڑی تعداد اسے خریدنے کی خواہش مند ہوگئی۔

یہ لباس معروف برانڈ زیب (Zaib) کے کرنڈی 25 کلیکشن کا حصہ ہے، جس کا نام آئیوری (Ivory) ہے۔ ڈرامے میں دُرفشاں کے پہننے کے بعد اس لباس کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا اور برانڈ کو مسلسل پیغامات موصول ہونے لگے کہ یہ لباس دوبارہ کب دستیاب ہوگا۔

تاہم برانڈ نے واضح کیا کہ ہر لباس انتہائی محنت اور توجہ سے تیار کیا جاتا ہے، اس لیے اتنی بڑی تعداد میں فوری طور پر اسے دوبارہ تیار کرنا ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے آن لائن فروخت کرنے کے بجائے اسلام آباد کے سینٹورس مال میں واقع موون پک ہوٹل کے خصوصی پاپ اَپ ایونٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

لیکن اصل حیرت اس وقت ہوئی جب لباس کی نئی قیمت سامنے آئی!

صارفین کے مطابق یہی لباس پہلے صرف 16 ہزار 500 روپے میں فروخت ہورہا تھا، پھر اس کی قیمت بڑھ کر 28 ہزار روپے ہوگئی، جبکہ اب دعویٰ کیا جارہا ہے کہ خصوصی ایونٹ میں اسے 38 ہزار روپے میں فروخت کیا جائے گا۔

یعنی ڈرامے میں مقبول ہونے کے بعد اس لباس کی مبینہ قیمت میں 21 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوگیا، جو اصل قیمت سے تقریباً 130 فیصد زیادہ ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا یہ اضافہ لباس کی بڑھتی ہوئی مانگ اور محدود دستیابی کی وجہ سے ہوا، یا پھر دُرفشاں سلیم کی مقبولیت نے ایک عام لباس کو مہنگا فیشن آئٹم بنا دیا؟


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US