اپنی منفرد آواز اور سندھی و لوک گیتوں سے شہرت حاصل کرنے والی شازیہ خشک نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ سال 2018 میں ہی گلوکاری چھوڑ چکی تھیں اور انہوں نے یہ فیصلہ اللہ کی رضا اور دینِ اسلام کی خاطر کیا تھا۔
تاہم اس فیصلے کے پیچھے ایک ایسا واقعہ تھا جس نے ان کی زندگی کا رخ ہی بدل دیا۔
شازیہ خشک نے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ معروف نعت خواں اور سابق گلوکار جنید جمشید کی اچانک موت نے انہیں اندر سے ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی پر غور کرنا شروع کیا اور فیصلہ کیا کہ اب وہ موسیقی کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کریں گی۔
گلوکارہ کے مطابق یہ فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا، لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے خود کو ذہنی طور پر تیار کیا، ہمت جمع کی اور آہستہ آہستہ پردہ کرنا بھی شروع کردیا۔
شازیہ خشک نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی بتایا کہ ان کے جڑواں بچے بیرونِ ملک مقیم ہیں، تاہم انہیں تنہائی کا کوئی خوف نہیں کیونکہ ان کا یقین ہے کہ اللہ ہمیشہ ان کے ساتھ ہے اور زندگی کے ہر مرحلے میں ان کا سہارا بنے گا۔
گلوکارہ کے اس فیصلے اور روحانی سفر کی کہانی نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے، جہاں بڑی تعداد میں لوگ انہیں مبارک باد دینے کے ساتھ ان کے لیے دعائیں بھی کررہے ہیں۔