"منیب بٹ دوسروں کے لیے خطرناک ہوسکتے ہیں، لیکن میرے لیے وہ بہت پیارے ہیں"، ایمن خان کا شوہر سے متعلق دلچسپ انکشاف

image

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایمن خان نے لندن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اپنے شوہر منیب بٹ کے بارے میں دلچسپ بات کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔ اداکارہ نے منیب کی اداکاری اور حقیقی زندگی میں ان کی شخصیت کے فرق کو بڑے خوبصورت انداز میں بیان کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ایمن خان نے کہا کہ منیب بٹ آج کل ڈراموں میں ایسے کردار ادا کر رہے ہیں جو ضدی، جنونی اور بعض اوقات خطرناک مزاج کے ہوتے ہیں۔ انہوں نے ڈرامہ ’تپش کا حوالہ دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ منیب اپنے کرداروں میں دوسروں کے لیے چاہے کتنے ہی خطرناک نظر آئیں، لیکن حقیقی زندگی میں وہ ان کے لیے ایک نہایت پیارے اور محبت کرنے والے انسان ہیں، جنہیں وہ اپنا ’پوکی‘ کہتی ہیں۔

ایمن خان کی جانب سے سب کے سامنے شوہر کی اس انداز میں تعریف کرنے پر تقریب میں موجود افراد بھی محظوظ ہوئے، جبکہ سوشل میڈیا پر مداح اس جوڑی کی محبت اور خوشگوار تعلقات کو سراہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایمن خان اور منیب بٹ کی محبت کا آغاز کم عمری میں ہوا تھا، جس کے بعد دونوں نے شاندار تقریبات میں شادی کی۔ آج یہ جوڑا تین بیٹیوں امل، میرال اور نیمل کے والدین ہیں اور اپنی خوشگوار خاندانی زندگی کے باعث مداحوں میں خاص مقبولیت رکھتا ہے۔

ایمن خان پہلی بیٹی کی پیدائش کے بعد سے اداکاری کے بجائے اپنے کاروبار اور بچوں کی پرورش پر زیادہ توجہ دے رہی ہیں، جبکہ منیب بٹ بھی کئی مواقع پر واضح کرچکے ہیں کہ ان کی زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت اہلیہ اور بیٹیوں کی ہے۔

لندن کی تقریب میں ایمن خان کے اس محبت بھرے تبصرے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پردے پر سخت اور سنجیدہ کردار ادا کرنے والے منیب بٹ اپنی اہلیہ کے لیے بالکل مختلف شخصیت رکھتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US