ماں بننے کے بعد کترینہ کیف کی زندگی کتنی بدل گئی؟ وکی کوشل کے بارے میں دلچسپ انکشافات

image

بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے ماں بننے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں اور شوہر وکی کوشل کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بات کی ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ گھر، بچے اور کاروبار کی ذمہ داریاں ایک ساتھ نبھانا آسان نہیں لیکن وکی ہر مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں کترینہ نے بتایا کہ اپنے بیوٹی برانڈ کو کامیابی سے چلانے کے لیے انہیں کئی گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات اتوار کی چھٹی بھی مصروفیات میں گزر جاتی ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ کام میں اتنی مگن ہوجاتی ہیں کہ وقت کا اندازہ ہی نہیں رہتا، تاہم وکی کوشل انہیں بار بار فون ایک طرف رکھ کر آرام کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

کترینہ کے مطابق ماں بننے کے بعد زندگی میں نئی ترجیحات شامل ہوئی ہیں اور وہ آہستہ آہستہ ان کے مطابق خود کو ڈھال رہی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ خواتین کو ہر ذمہ داری بہترین انداز میں نبھانے کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے، بلکہ خود کو وقت دینا اور اپنی ضروریات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

شوہر کی تعریف کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ جب وہ کسی بات پر پریشان یا بے چین ہوتی ہیں تو وکی انہیں حوصلہ دیتے ہیں اور ان کے لیے سکون کا باعث بنتے ہیں۔ کترینہ نے بتایا کہ وکی ایک ذمہ دار والد بھی ہیں، جو کام کی تھکن کے باوجود گھر آکر اپنی اہلیہ اور بیٹے کو مکمل توجہ دیتے ہیں۔

اداکارہ نے بچے کی پیدائش کے بعد خواتین پر پہلے جیسی جسمانی ساخت حاصل کرنے کے دباؤ پر بھی بات کی۔ ان کے نزدیک ماں بننا زندگی کا ایک خوبصورت نیا مرحلہ ہے، اس لیے ہر وقت پہلے جیسا دکھنے کی فکر کرنے کے بجائے اس تبدیلی کو خوش دلی سے قبول کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل دسمبر 2021 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، جبکہ نومبر 2025 میں ان کے ہاں بیٹے ویان کی پیدائش ہوئی۔ کترینہ ان دنوں فلموں کے مقابلے میں اپنے خاندان اور کاروبار کو زیادہ وقت دے رہی ہیں اور اپنی نئی زندگی سے مطمئن دکھائی دیتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US