ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے وفاقی سول پینشن کے نظام میں اصلاحات لانے کی غرض سے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر کے قرض کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مالی معاونت کا بنیادی مقصد پینشن کی مد میں ہونے والے بڑھتے ہوئے اخراجات سے پیدا ہونے والے مالی دباؤ کو کم کرنا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سال 2016ء سے اب تک وفاقی پینشن کے اخراجات میں تقریباً پانچ گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ سالانہ اخراجات ایک کھرب روپے کی حد عبور کر چکے ہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ماضی کا غیر فنڈڈ پینشن نظام قومی بجٹ پر براہِ راست بوجھ کا باعث بن رہا تھا۔ تاہم، جولائی 2024ء سے بھرتی ہونے والے تمام وفاقی ملازمین کو اب نئے نظام کے تحت لایا جا چکا ہے، جو نہ صرف پینشن کے انتظام اور شفافیت کو یقینی بنائے گا بلکہ ڈیجیٹل نظام کو بھی مؤثر کرے گا۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں ملکی ترقیاتی اور سماجی بہبود کے منصوبوں کے لیے مالی گنجائش میسر آ سکے گی۔
اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے پینشن کے نظام کو مستحکم اور پائیدار بنانے کے لیے انتہائی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔