مالی سال 2025-26ء: اسٹیٹ بینک نے 8.1 ارب ڈالر زرمبادلہ خریدا، واجبات میں 1.6 ارب ڈالر کمی کی

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2025-26ء کے لیے گورنر کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مالی سال 26ء کے دوران پاکستان کے معاشی اظہاریوں نے مضبوطی کا تسلسل برقرار رکھا۔

ایس بی پی ایکٹ 1956ء (جنوری 2022ء تک ترمیم شدہ) کی شق 39(1) کے تحت شائع ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ توانائی کی قیمت کے عالمی دھچکے کے باوجود اوسط قومی صارف اشاریہ قیمت (این سی پی آئی) مہنگائی اپنے وسط مدتی ہدف کی بالائی حد کے قریب رہی، جبکہ جاری کھاتے کے معمولی خسارے اور حقیقی جی ڈی پی کی بلند نمو کی صورت حال میں زرمبادلہ کے ذخائر آخرِ مالی سال کے مقررہ ہدف 18 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فراست اور ڈیٹا پر منحصر زری پالیسی مؤقف اور مالیاتی یکجائی کے تسلسل کے امتزاج نے سال کے دوران پیش آنے والے مسلسل دھچکوں کے مقابلے میں ملک کے معاشی استحکام کو تقویت دی۔ ان دھچکوں میں مون سون کا سیلاب، سال کے آغاز پر امریکہ کے تجارتی ٹیرف کے بارے میں بے یقینی کی بلند سطح اور آخر فروری 2026ء میں شروع ہونے والا مشرق وسطیٰ تنازع شامل ہیں، جو عالمی اجناس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کا باعث بنا۔ بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے قرضوں میں اضافے کے باعث مالی گہرائی مزید بڑھنے سے مالی نظام بھی مستحکم رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا فروری 2026ء کی مدت کے لیے اوسط قومی صارف اشاریہ قیمت مہنگائی 5.5 فیصد تھی، تاہم مشرق وسطیٰ تنازع شروع ہونے کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے نے عمومی مہنگائی کو اپریل 2026ء میں دوہندسی سطح پر پہنچا دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ توانائی کے حصے میں نمایاں اضافہ جولائی تا فروری کے مقابلے میں مارچ تا جون مالی سال 26ء میں زیادہ ہوا، جبکہ رسدی رکاوٹوں کے باعث گندم اور متعلقہ مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے نے غذائی مہنگائی کو بھی بڑھا دیا۔ مالی سال کے بیشتر حصے میں قوزی مہنگائی معتدل رہی تاہم اس کی سطح بلند رہی اور پیداواری لاگتوں و ٹرانسپورٹ خدمات میں توانائی کی قیمتوں کے اثرات ظاہر ہونے کے بعد اس میں معمولی اضافہ ہوا۔

زری پالیسی کے حوالے سے رپورٹ میں اجاگر کیا گیا ہے کہ زری پالیسی کمیٹی نے دسمبر 2025ء تک پالیسی ریٹ برقرار رکھا اور دسمبر کے اجلاس میں ریٹ میں 50 بی پی ایس کمی کی، تاہم مشرق وسطیٰ تنازع کے باعث مہنگائی اور بیرونی شعبے کے منظرناموں میں بگاڑ پیدا ہونے پر اپریل 2026ء میں پالیسی ریٹ میں 100 بی پی ایس اضافہ کر دیا گیا۔ عالمی سطح پر بھی ترقی یافتہ اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے بیشتر مرکزی بینکوں نے شرحوں میں کٹوتیوں کو روک دیا اور بعض نے پالیسی ریٹ میں اضافہ کیا۔

گورنر کی سالانہ رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک نے سال کے دوران 8.1 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی خالص خریداری کی اور اپنے فارورڈ و سواپ واجبات 1.6 ارب ڈالر کم کیے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر آخر جون 2026ء کے 18 ارب ڈالر کے ہدف سے تجاوز کر گئے۔ بلند ترسیلاتِ زر اور آئی سی ٹی برآمدات نے تجارتی خسارے کے اثر کو زائل کیا جس سے جاری کھاتے کا خسارہ معتدل رہا، جبکہ کثیرفریقی و دوطرفہ رقوم کی آمد، بانڈز کے کامیاب اجرا، مالیاتی یکجائی اور آئی ایم ایف کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) و استحکام و پائیداری سہولت (آر ایس ایف) کے جائزوں کی تکمیل سے ریاستی درجہ بندی بہتر بنانے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور شرحِ مبادلہ کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی۔

مالی نظام کے استحکام کے ضمن میں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کے اثاثوں کے معیار میں بہتری آئی، غیر فعال قرضوں کا تناسب نمایاں طور پر کم ہوا اور شرحِ کفایت سرمایہ (CAR) ضوابطی تقاضے سے نمایاں طور پر زیادہ رہی، جبکہ مائکرو فنانس بینکوں میں غیر فعال قرضوں کے معمولی اضافے کا اثر قرض و نقصان کی مناسب کوریج کی بدولت محدود رہا۔ رپورٹ کے مطابق اسلامی بینکاری شعبے نے مضبوط توسیع جاری رکھی، جبکہ اسٹیٹ بینک نے مالی دباؤ سے نمٹنے کے لیے جامع بحالی منصوبہ جاتی فریم ورک، لائسنس یافتہ ورچوئل اثاثہ سروس فراہم کنندگان سے بینکاری روابط کے لیے ضوابطی ہدایات اور نظرثانی شدہ خطرۂ قرض کے معیارات کے ذریعے بازل سوم کا مرحلہ وار نفاذ متعارف کرایا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی شمولیت کی قومی حکمتِ عملی (این ایف آئی ایس) 2024-2028ء کے تحت اسٹیٹ بینک نے 12 ڈجیٹل ماڈل دیہاتوں کے قیام، مکمل ڈجیٹل زرعی قرضہ پلیٹ فارم ’’زرخیر-ای – آسان ڈجیٹل زرعی قرضہ‘‘ کے اجرا، نوجوانوں کو آزادانہ بینک اکاؤنٹ اور ڈجیٹل والٹ کھولنے کی اجازت دینے کے فریم ورک، پاکستان مالی شمولیت انڈیکس کی اشاعت اور حکومتِ پاکستان کے اشتراک سے پاکستان گرین ٹیکسانومی کے اجرا جیسے اقدامات کیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US