سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز 325 رنز پر تمام ہو گئی، جس کے بعد قومی ٹیم کو مہمان ٹیم پر 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی، تاہم کھیل کے آغاز میں ہی بغیر کسی اضافے کے اذان اویس 47 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد سعود شکیل 24، ثاقب خان 37 اور سلمان علی آغا 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ نچلے نمبروں پر غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ رضا اللہ نے 42 اور عامر جمال نے 12 رنز کا اضافہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ اسیتھا فرنینڈو کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔
قبل ازیں میچ کے پہلے روز سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دی تھی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ایک وکٹ ثاقب خان نے لی تھی۔ پہلے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3 وکٹوں پر 121 رنز بنائے تھے، جس میں طیب عارف کے 46 رنز شامل تھے جبکہ کپتان بابر اعظم اور محمد طحٰہ 8، 8 رنز بنا سکے تھے۔