بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں منعقدہ ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے ہرا کر فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے کپتان درگاہ راؤ نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ سنجے کمار 30 اور دنا وینکٹیش 26 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ قومی ٹیم کے باؤلرز بابر علی، بدر منیر اور محمد ادریس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے نو وکٹیں گنوا کر کامیابی سمیٹی۔ میچ کے اختتامی لمحات انتہائی سنسنی خیز رہے جہاں گرین شرٹس کو جیت کے لیے آخری دو گیندوں پر سات رنز درکار تھے۔ بلے باز نعمت اللہ نے پانچویں گیند پر چھکا اور آخری گیند پر چوکا جڑ کر ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے 20 نومبر کو شیڈول ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔