پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے شین ڈیٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔بورڈ نے اعلان کیا کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیٹز، جنہوں نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، کیریبین میں ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف آئندہ دوطرفہ سیریز سے پاکستانی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
حال ہی میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے والے ڈیٹز، ڈیوڈ ہیمپ اور مارک کولز کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قومی ویمنز ٹیم کے ساتھ مقرر ہونے والے تیسرے غیر ملکی کوچ ہیں۔پاکستان ویمنز ٹیم کے پاس گزشتہ سال سے کوئی مستقل ہیڈ کوچ نہیں تھا، جبھارت میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے بعد سابق ٹیسٹ بلے باز محمد وسیم کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔تب سے بورڈ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر وہاب ریاض کی خدمات سے کام چلا رہا تھا جو تکنیکی وجوہات کی بنا پر ویمنز ٹیم کے مینٹور کے طور پر کام کر رہے تھے۔
سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ڈیٹز بین الاقوامی کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی رہنمائی میں ویسٹ انڈیز نے 2024 اور 2026 کے مسلسل دو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کی۔
51 سالہ آسٹریلوی کوچ اس سے قبل بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کی قومی ویمنز ٹیموں کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2008 سے 2013 تک نیوزی لینڈ میں کرکٹ ویلنگٹن کے ساتھ بطور ہائی پرفارمنس کوچ بھی خدمات سرانجام دیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ڈیٹز نے کہا کہ 2028 میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا اور ان کا مقصد شائقین کو ہوم گراؤنڈ پر خوشی منانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا، "ورلڈ کپ میں سخت مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں بہت کام کرنا ہوگا اور عالمی معیار کی کارکردگی دکھانے کے لیے ہم سب کو بطور کھلاڑی اور اسٹاف خود کو مزید نکھارنا ہوگا۔"
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثناء نے حال ہی میں پاکستانی کرکٹ شائقین سے اپیل کی تھی کہ وہ ویمنز ٹیم کی بھی اسی طرح حوصلہ افزائی کریں جس طرح وہ مینز ٹیم کی کرتے ہیں تاکہ مزید لڑکیوں کو اس کھیل کی طرف آنے کی ترغیب مل سکے۔