ڈھاکہ میں پاکستان اور انڈیا کا فائنل میچ اور ’ایک تاریخی موقع‘

آج شام سات بجے ڈھاکہ کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا سیف چیمپیئن شپ کے فائنل میں مدِمقابل ہوں گے۔ جنوبی ایشیا کے روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ محض ایک ٹرافی کی جنگ نہیں بلکہ پاکستانی فٹبال کی تاریخ کا سب سے اہم لمحہ بھی ہو سکتا ہے۔

آج شام سات بجے ڈھاکہ کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا سیف چیمپیئن شپ کے فائنل میں مدِمقابل ہوں گے۔ جنوبی ایشیا کے روایتی حریفوں کے درمیان یہ مقابلہ محض ایک ٹرافی کی جنگ نہیں بلکہ پاکستانی فٹبال کی تاریخ کا سب سے اہم لمحہ بھی ہو سکتا ہے۔

پاکستان پہلی بار سیف چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ ایک ایسی ٹیم جسے چند برس پہلے تک فیفا پابندیوں، انتظامی بحرانوں اور قومی لیگ کے فقدان کی وجہ سے مسلسل مشکلات کا سامنا تھا، آج خطے کی سب سے بڑی فٹبال ٹرافی جیتنے سے صرف ایک قدم دور کھڑی ہے۔

سیمی فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو ایک سخت مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر پاکستان نے تاریخ رقم کی۔ عبدالسماد ارشد کے دیر سے کیے گئے گول نے نہ صرف پاکستانی ٹیم کو فائنل میں پہنچایا بلکہ یہ بھی ظاہر کیا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم دباؤ میں نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو، جو نیوکاسل یونائیٹڈ اور پیرو کی قومی ٹیم کے سابق سٹار رہ چکے ہیں، پراعتماد نظر آتے ہیں۔

پیر کو فائنل سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں نولبرٹو سولانو نے کہا کہ انڈیا ایک مضبوط حریف ہے اور اس کا احترام کیا جانا چاہیے، تاہم پاکستان اپنی طاقتوں سے آگاہ ہے اور جانتا ہے کہ وہ حریف کے خلاف مواقع کہاں پیدا کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق فٹبال میں اب ’زیادہ راز نہیں رہتے‘، اس لیے ٹیم کی اصل توجہ اپنے کھیل اور حکمتِ عملی پر عمل کرنے پر ہونی چاہیے۔

فائنل سے قبل پیر کو ڈھاکہ میں ہونے والی پریس کانفرنس میں پاکستان کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے کہا کہ ان کی ٹیم انڈیا کا احترام کرتی ہے لیکن وہ اپنے حریف کی کمزوریوں اور اپنی طاقتوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹبال میں اب زیادہ راز نہیں رہتے اور اصل توجہ اپنے کھیل اور حکمتِ عملی پر عمل درآمد پر ہونی چاہیے۔

اگرچہ دونوں ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں پہلے بھی ایک بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، مگر پاکستان کا خیال ہے کہ فائنل کا منظرنامہ مختلف ہو گا۔ پانچ نومبر کو گروپ مرحلے کے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 3-2 سے شکست دی تھی۔ اس مقابلے میں انڈیا نے پہلے ہی ہاف میں تین گول کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی، جبکہ پاکستان نے اختتامی لمحات میں دو گول کر کے خسارہ کم کیا۔

اس شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سولانو نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی ٹیم نے میچ کا آغاز سست انداز میں کیا اور پہلے ہاف میں توجہ کی کمی کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ ان کے مطابق انڈیا نے پاکستان کی غلطیوں کا فائدہ اٹھایا، تاہم دوسرے ہاف میں گرین شرٹس کی کارکردگی بہتر رہی اور اگر وہ ابتدا ہی سے اسی طرح کھیلتے تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔

سولانو نے اس وقت یہ بھی کہا تھا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کو محدود تیاری، طویل سفر اور چند اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا سامنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی اہم کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اترا جبکہ بین الاقوامی فٹبال کی رفتار اور شدت مقامی سطح سے مختلف ہوتی ہے، جس سے ان کے نوجوان کھلاڑیوں کو ہم آہنگ ہونے میں وقت لگا۔

تاہم ناک آؤٹ مرحلے سے قبل حالات تبدیل ہوئے۔ کپتان عبداللہ اقبال، عیسیٰ سلیمان، عادل نبی، علی اکبر خان اور عبدالسماد ارشد سمیت متعدد اوورسیز پاکستانی کھلاڑی سکواڈ کا حصہ بنے جس کے بعد ٹیم کے دفاع اور مجموعی توازن میں واضح بہتری دیکھی گئی۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل میں اسی مضبوطی نے پاکستان کو دباؤ برداشت کرنے اور نتیجہ اپنے حق میں کرنے میں مدد دی۔

یہی وجہ ہے کہ انڈیا کے کوچ نوشاد موسٰی بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ فائنل میں ان کا سامنا اُس پاکستانی ٹیم سے ہو گا جو گروپ مرحلے میں نظر آنے والی ٹیم سے مختلف اور زیادہ مضبوط دکھائی دیتی ہے۔

دوسری جانب انڈیا بھی ایک تاریخی کامیابی کے تعاقب میں ہے۔ نو مرتبہ سیف چیمپیئن رہنے والی انڈین ٹیم مسلسل تیسری بار ٹائٹل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کرنا چاہتی ہے۔ انڈیا خطے کی سب سے کامیاب فٹبال ٹیم رہی ہے اور گذشتہ 15 ایڈیشنز میں سے 14 مرتبہ فائنل یا ٹاپ ٹو میں جگہ بنا چکی ہے۔

اعداد و شمار بھی انڈیا کے حق میں دکھائی دیتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک 30 بین الاقوامی مقابلے ہو چکے ہیں جن میں انڈیا نے 17، پاکستان نے چار جبکہ نو میچ برابر رہے ہیں۔ تاہم سیف چیمپیئن شپ کے سینئر درجے کے فائنل میں یہ دونوں ممالک پہلی بار آمنے سامنے آ رہے ہیں۔

پاکستانی کپتان عبداللہ اقبال کا کہنا ہے کہ اگرچہ فائنل میں کھیلنے کا دباؤ موجود ہے تاہم کھلاڑی اسے بوجھ کے بجائے اضافی حوصلے کا باعث سمجھتے ہیں۔

ان کے مطابق فائنل تک رسائی ہی پاکستانی فٹبال کی بڑی کامیابی ہے، لیکن اگر ٹیم ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہو گئی تو یہ کامیابی ایک بالکل نئی سطح پر پہنچ جائے گی۔

آج ڈھاکہ میں جب دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی تو داؤ پر صرف ایک ٹرافی نہیں ہو گی۔ ایک طرف انڈیا اپنی خطے کی حکمرانی برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا، جبکہ دوسری جانب پاکستان ماضی کی مشکلات کو پیچھے چھوڑ کر اپنی فٹبال تاریخ کا سنہری ترین باب لکھنے کی امید لے کر میدان میں اترے گا۔

نوے منٹ بعد نتیجہ کچھ بھی ہو، پاکستان فائنل تک پہنچ کر پہلے ہی تاریخ رقم کر چکا ہے، مگر اگر آج انڈیا کے خلاف ٹرافی جیت لی تو شاید کچھ دیر کے لیے ہی سہی، فٹبال اُس ملک میں کرکٹ سے بڑی خبر بن جائے گا جہاں کھیل کی سرخیوں پر عموماً کرکٹ کا راج رہتا ہے۔

پاکستان کی تاریخی فائنل تک رسائی نے سوشل میڈیا پر بھی فٹبال شائقین اور مبصرین کی توجہ حاصل کی ہے۔

ایشیائی فٹبال پر لکھنے والے صحافی جان ڈورڈن نے کہا کہ پاکستان پہلی بار جنوبی ایشیائی کپ کے فائنل میں پہنچا ہے اور اگر کوچ نولبرٹو سولانو ٹیم کو ٹائٹل دلانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں فٹبال کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

فٹبال مبصر ’ڈروری فائر‘ نے لکھا کہ پاکستان کا ٹائٹل جیتنا خطے میں فٹبال کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہو گا، تاہم ان کے مطابق صرف فائنل تک پہنچ جانا ہی ایک مضبوط پیغام اور بڑی کامیابی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی کھیلوں کے حلقوں میں بھی قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ کرکٹ پاکستان نامی صارف نے فائنل سے قبل قومی ٹیم کو تاریخ رقم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے لکھا: ’آپ یہاں تک پہنچ چکے ہیں، اب ٹرافی کے لیے اپنی جان لگا دیں۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US