سری لنکا کو 98 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد پاکستان کی تین وکٹیں گِر گئیں

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 98 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد پہلے روز کے اختتام پر پاکستان کو 23 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔
بابر اعظم آٹھ رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے
Getty Images
بابر اعظم آٹھ رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 98 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد پہلے روز کے اختتام پر پاکستان کو 23 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔

پہلے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے ہیں۔

اوپنرز آذان اویس اور طیب عارف نے 80 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد طیب 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد طحہ اور بابر اعظم 8، 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گیے۔

اس وقت کریز پر 47 رنز بنانے والے آذان اویس موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ ثاقب خان کھیل رہے ہیں جنھیں بطور نائٹ واچ مین بھیجا گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔

دونوں ملکوں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے کے بعد دوسرا ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم سیریز اپنے نام کر لے گی۔

منگل کے روز پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو ان کے فاسٹ بالرز نے اسے بہترین فیصلہ ثابت کر دیا۔

CRICKET-PAK-SRI-TESTSri Lanka's Milan Rathnayaka is clean bowled by Pakistan's Razaullah
AFP via Getty Images

سری لنکا کی پہلی اننگز کا احوال

سری لنکا کی پہلی وکٹ چھ رنز کے سکور پر اس وقت گری جب پہلے میچ کے ہیرو ثاقب خان نے پسندو سوریا بندارا کو آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور کھانے کے وقفے تک سری لنکا کے 85 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

کھانے کے بعد سری لنکا کی ٹیم مزید صرف ساڑھے چھ اوور کھیل سکی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 98 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 14 رنز دے کر تین، رضااللہ 21 کے عوض تین جبکہ عامر جمال 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے چوتھے فاسٹ بالر ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ یہ سری لنکن ٹیم کا ایک اننگز میں پاکستان کے خلاف چوتھا سب سے کم سکور ہے۔

پاکستان، سری لنکا
AFP via Getty Images

مشکل پچ اور راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے کم سکور

سری لنکا کی پوری ٹیم کے 98 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین پاکستانی بالرز کی تعریفیں کرتے نظر آئے۔

کرکٹ تجزیہ کار مظہر ارشد لکھتے ہیں کہ سری لنکا کی پوری ٹیم 98 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اور تمام 10 وکٹیں پاکستان کے فاسٹ بولرز نے حاصل کیں۔

’ٹیسٹ کرکٹ میں یہ راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے کم سکور ہے۔‘

سپورٹس صحافی سلیم خالق لکھتے ہیں کہ ’پچ مشکل ہے، اب بیٹرز کو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا۔‘

کاشف نامی ایکس صارف لکھتے ہیں کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز نے ’ڈریم پرفارمنس‘ دکھائی جبکہ ’بابر اعظم کی کپتانی بھی شاندار رہی۔‘

اشر جاوید نامی ایکس صارف لکھتے ہیں کہ پاکستانی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ’اب بلے بازوں کو بڑا سکور کر کے میچ پر اپنی گرفت مزید مضبوط بنانا ہو گی۔‘

وسیم اکرم نامی ایک صارف لکھتے ہیں ’کیا شاندار بولنگ کا مظاہرہ تھا، یقین نہیں آ رہا! ہمارے فاسٹ بولرز نے پنڈی میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو تباہ کر کے رکھ دیا!‘

جہاں کئی صارفین پاکستانی بالرز کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے نظر آئے وہیں کچھ لوگ بابر اعظم کی کپتانی کو بھی سراہ رہے ہیں۔

ایک صارف لکھتے ہیں کہ پاکستانی پیسرز کی جانب سے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ بابر اعظم کی فیصلہ سازی اور کپتانی بھی شاندار رہی۔

پاکستان ٹیم:

بابر اعظم (کپتان)، اذان اویس، طیب عارف، محمد طٰہ، سعود شکیل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد عباس، رضااللہ، ثاقب خان اور عامر جمال۔

سری لنکا:

کشال مینڈس، لاہیرو ادارا، پسندو سوریا بندارا، دنیش چندی مل، کامندو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونال دنوشا، میلان رتھنائیکا، پربھات جے سوریا، لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US