کیمرون بینکرافٹ نے بال ٹیمپرنگ تنازع پر خاموشی توڑ دی، تحقیقات میں پورا سچ نہ بتانے کا اعتراف

image

آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے مشہور بال ٹیمپرنگ تنازع کے حوالے سے نئے انکشافات کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے سامنے تمام حقائق نہیں لائے گئے تھے۔

کیمرون بینکرافٹ کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ شروع ہونے سے پہلے ہی گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی تھی، جبکہ اس عمل کا مشورہ ڈیوڈ وارنر نے پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوران دیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اس منصوبے سے پوری طرح واقف تھے، تاہم انکوائری کے وقت بورڈ کو پورا سچ نہیں بتایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں سینڈ پیپر واقعے سے جڑے حقائق کو بالکل درست انداز میں بیان کیا ہے۔ کیمرون بینکرافٹ کا کہنا تھا کہ پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس میں جنوبی افریقا کے دورے سے متعلق غیر درست مؤقف سن کر انہیں شدید غصہ اور مایوسی ہوئی۔ خود کو تنہا اور دھوکا کھایا ہوا محسوس کرنے کے بعد انہوں نے خاموشی توڑنے اور تمام واقعات کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ بال ٹیمپرنگ کے اس واقعے میں ملوث ہونے پر کیمرون بینکرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US