بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا نے اپنے شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کے تنازع کے بعد پیش آنے والی مشکلات، ڈپریشن اور شاندار واپسی کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔
شو کے دوسرے سیزن کی آخری قسط میں گفتگو کرتے ہوئے سمے رائنا نے بتایا کہ 2025 میں تنازع کے دوران جب وہ کینیڈا میں تھے تو شدید ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے۔ اس دوران وہ چیٹ جی پی ٹی سے بھی پوچھتے رہتے تھے کہ ان کا شو دوبارہ کب شروع ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ جب چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے کوئی واضح جواب نہیں ملتا تھا تو وہ کہتے تھے کہ براہِ کرم ہاں کہہ دو۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ شو اتنے شاندار انداز میں واپس آئے گا۔
سمے رائنا نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ عالیہ بھٹ، ورون دھون، ہما قریشی، کرن اوجلا اور رفتار جیسی معروف شخصیات ان کے شو کا حصہ بنیں گی۔
کامیڈین کے مطابق تقریباً جیل جانے کی نوبت سے لے کر عالمی ریکارڈ توڑنے تک گزشتہ دو سال ان کی زندگی کے انتہائی حیران کن رہے۔