پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے نوجوان اداکاروں کے رویوں، وقت کی پابندی اور سینئرز کے احترام میں کمی پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے غزالہ جاوید نے کہا کہ انڈسٹری میں ان کے کام چھوڑنے کے قریب پہنچنے کی ایک بڑی وجہ نوجوان اداکاروں میں بڑھتا ہوا تکبر ہے۔ ان کے مطابق اب وہ صرف ایسے پروڈکشن ہاؤسز اور چینلز کے ساتھ کام کرتی ہیں جہاں تعاون اور احترام کا ماحول ہو۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سینئر فنکار وقت پر سیٹ پر پہنچتے ہیں، لیکن مرکزی کردار ادا کرنے والے بعض نوجوان اداکار تاخیر سے آتے ہیں اور پروڈکشن ٹیم کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔
غزالہ جاوید نے مزید کہا کہ پروڈکشن ٹیم اور معاون اداکار وقت پر موجود ہوتے ہیں، لیکن مرکزی اداکاروں کی تاخیر سے کام متاثر ہوتا ہے۔ ان کے بقول ان کے کئی ساتھی بھی اس صورتحال سے پریشان ہیں اور پروڈکشن ہاؤسز کو اس معاملے میں سخت رویہ اختیار کرنا چاہیے۔