"میرے اپنی تینوں ماؤں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ جیسے میں عروسہ آنٹی کے ساتھ کافی پینے باہر جاتا ہوں آپ تو یہ سب جانتے ہی ہیں۔ سب کے ساتھ میرا رشتہ عزت اور دوستی والا ہے۔ مجھے زندگی میں کبھی بوریت محسوس نہیں ہوتی بلکہ ان سب کے ساتھ زندگی کا بھرپور لطف اٹھاتا ہوں۔ یہ سب میری زندگی کا حصہ ہیں اور میں ان سب سے بہت محبت کرتا ہوں۔ میری ماما عینی ہر لحاظ سے پرفیکٹ ہیں، بس انہیں اپنے غصے پر تھوڑا قابو پانے کی ضرورت ہے۔ فرح آنٹی بہت باوقار ہیں جبکہ عروسہ آنٹی بہت ہنس مکھ اور مزے دار طبیعت کی مالک ہیں۔ اس کے علاوہ حالیہ حالات کے بعد وسیم بادامی انکل کے ساتھ بھی میرا بہت اچھا تعلق بن گیا ہے۔ انہوں نے جس طرح مشکل وقت میں ہماری فیملی کا ساتھ دیا، وہ واقعی قابلِ تعریف ہے۔"
معروف اینکر اقرار الحسن اور قرۃ العین اقرار کے بیٹے سید پہلاج الحسن نے پہلی مرتبہ اپنی تین ماؤں کے ساتھ تعلقات پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ ایک خوبصورت رشتہ رکھتے ہیں۔
حال ہی میں پوڈکاسٹ بلنٹ لائن میں شرکت کے دوران پہلاج سے ان کی والدہ اور سوتیلی ماؤں کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے نہایت خوش دلی سے جواب دیا۔ پہلاج کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں تینوں کی الگ الگ اہمیت ہے اور وہ سب کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔
گفتگو کے دوران پہلاج نے اپنی والدہ قرۃ العین اقرار کی تعریف کرتے ہوئے ان کے غصے کا دلچسپ انداز میں ذکر کیا، جبکہ فرح اقرار کو باوقار اور عروسہ اقرار کو خوش مزاج قرار دیا۔ ان کے مطابق گھر کے تمام افراد کے ساتھ ان کا دوستانہ تعلق ہے اور انہیں کبھی یہ محسوس نہیں ہوا کہ ان کی زندگی میں کسی خوشی کی کمی ہے۔
پہلاج نے معروف ٹی وی میزبان وسیم بادامی کا بھی خصوصی ذکر کیا اور بتایا کہ حالیہ مشکل حالات میں انہوں نے جس طرح ان کے خاندان کا ساتھ دیا، اس سے ان کے درمیان تعلق مزید مضبوط ہوگیا۔
یاد رہے کہ سید پہلاج الحسن کم عمری سے ہی ٹیلی ویژن پر اپنی دلچسپ گفتگو اور اعتماد کی وجہ سے مقبول رہے ہیں۔ وہ اے آر وائی ڈیجیٹل کی براہِ راست نشریات میں بھی نظر آچکے ہیں۔ پہلاج کو فٹبال کھیلنے کا شوق ہے اور وہ مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں جبکہ ڈیجیٹل میڈیا میں بھی اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔