نشو بیگم نے شوہر کی پہلی بیوی کو خود گھر واپس کیوں بلایا؟ برسوں بعد حیران کن انکشاف

image

"جمال پاشا پہلے سے شادی شدہ تھے لیکن اپنی پہلی بیوی سے الگ رہ رہے تھے۔ انہوں نے مجھ سے شادی کرنے کے لیے کئی بہانے بنائے، یہاں تک کہ کہنے لگے کہ اگر تم نے مجھ سے شادی نہ کی تو میں خودکشی کرلوں گا۔ میں اس وقت بہت بھولی بھالی تھی اور ان کی باتوں میں آگئی۔ میں نے انہیں سمجھایا کہ زندگی بہت قیمتی ہے، اسے ختم کرنے کی بات نہ کریں۔ میرے پہلے شوہر کا انتقال ہوچکا تھا اور میرے چھوٹے چھوٹے بچے تھے۔ شروع میں میں نے جمال پاشا کی شادی کی پیشکش ٹھکرا دی تھی، لیکن جب انہوں نے گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی اور انہیں سروسز اسپتال لے جانا پڑا، جہاں ان کا معدہ صاف کیا گیا، تو میں نے انہیں دوسرا موقع دینے کا فیصلہ کیا۔ بعد میں میں نے خود ان کی پہلی بیوی اور بچوں کو واپس گھر بلایا کیونکہ ان کے پاس گاؤں میں رہنے کی جگہ نہیں تھی۔ میں نے ان کی پہلی بیوی سے وعدہ کیا کہ انہیں ان کے تمام حقوق ملیں گے اور ان کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ عورتیں اکثر مردوں کی باتوں سے متاثر ہوکر ان کے لیے ہمدردی محسوس کرنے لگتی ہیں۔"

پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اور معروف اداکارہ صاحبہ کی والدہ نشو بیگم نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک ایسا واقعہ شیئر کیا ہے جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔ حال ہی میں اپنے یوٹیوب وی لاگ میں انہوں نے مرحوم شوہر جمال پاشا سے شادی اور ان کی پہلی اہلیہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

نشو بیگم کے مطابق جمال پاشا پہلے ہی شادی شدہ اور بچوں کے والد تھے، تاہم پہلی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد انہوں نے نشو بیگم کو شادی کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ ابتدا میں اس رشتے کے لیے تیار نہیں تھیں، لیکن جمال پاشا کی خودکشی کی کوشش کے بعد حالات بدل گئے اور انہوں نے شادی پر رضامندی ظاہر کردی۔

اس کہانی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ نشو بیگم نے شادی کے بعد اپنے شوہر کو ان کی پہلی اہلیہ اور بچوں کے قریب لانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے نہ صرف خاندان کو دوبارہ ایک گھر میں جمع کرنے کی کوشش کی بلکہ پہلی اہلیہ کو ان کے حقوق دینے اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

یاد رہے کہ نشو بیگم پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں۔ انہوں نے رنگیلا، جال، انسان اور گدھا، فرض اور شکوہ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جبکہ فلم باجی اور ڈرامہ باغی میں بھی اہم کردار ادا کیے۔ ان دنوں وہ اپنے یوٹیوب چینل پر وی لاگز کے ذریعے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں اور اپنی زندگی کے مختلف تجربات شیئر کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US