ٹی وی ڈراموں میں زبردستی شادی دکھانے کا رجحان پسند نہیں: انمول بلوچ

image

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل انمول بلوچ نے ٹی وی ڈراموں میں زبردستی شادی دکھانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں ایک نجی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے ڈراموں کے اسکرپٹ اور کہانیوں کے انداز پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں غیر شادی شدہ جوڑوں کے درمیان رومانوی تعلقات دکھانے کی اجازت نہیں ہوتی، جس کے باعث مصنفین کہانی کو آگے بڑھانے کے لیے زبردستی نکاح کا سہارا لیتے ہیں۔

انمول بلوچ نے مزید کہا کہ اکثر ڈراموں میں مرکزی کرداروں کو زبردستی رشتہ ازدواج میں منسلک کر دیا جاتا ہے، یا پھر عین اس وقت جب ہیروئن کی شادی کسی اور سے ہو رہی ہوتی ہے، ہیرو آ کر اس سے نکاح کرلیتا ہے اور بعدازاں ہیروئن کو احساس ہوتا ہے کہ وہی اس کا حقیقی ہمسفر ہے۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ ذاتی طور پر ڈراموں میں زبردستی شادی دکھانے کے اس طریقے سے متفق نہیں ہیں اور انہیں یہ رجحان بالکل پسند نہیں، تاہم یہ کسی نہ کسی صورت کہانیوں کا حصہ بن ہی جاتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US