فردوس جمال کی بے دخلی پر ناصر ادیب دل برداشتہ، خواتین کو اہم مشورہ دے دیا

image

پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف مصنف ناصر ادیب نے سینئر اداکار فردوس جمال کی اہلیہ اور بچوں کی جانب سے انہیں تنہا چھوڑ دیے جانے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پنجابی اور اردو سینما کو کئی یادگار کہانیاں دینے والے اور سماجی موضوعات پر کھل کر بات کرنے والے ناصر ادیب نے حال ہی میں ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس جمال کے گھریلو حالات اور اہل خانہ کے رویے پر مایوسی ظاہر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں یہ عام روش بن چکی ہے کہ جب کوئی شوہر معاشی طور پر کمزور پڑ جائے یا کسی بری لت کا شکار ہو جائے تو اہلیہ اس سے کنارہ کشی اختیار کر لیتی ہے یا اسے گھر سے بے دخل کر دیتی ہے، جبکہ اس کے برعکس کوئی ماں اپنے بے روزگار یا بگڑے ہوئے بیٹے کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ہر حال میں اس کی دیکھ بھال کرتی ہے۔

ناصر ادیب نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی نزاکت کو سمجھیں اور مشکل وقت میں اپنے شریکِ حیات کا ساتھ نہ چھوڑیں۔ فردوس جمال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند روز قبل یہ خبر پڑھ کر انہیں دلی صدمہ پہنچا کہ ان کی اہلیہ اور بچوں نے انہیں گھر سے نکال کر تنہا چھوڑ دیا ہے۔ ان کے مطابق جس شخص نے اپنی تمام عمر لگا کر اپنے خاندان کے لیے چھت بنائی، آج محض پیسے نہ ہونے اور کمائی رک جانے کی وجہ سے وہی شخص اپنے ہی گھر والوں کے لیے ناپسندیدہ بن گیا ہے، جو کہ انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک امر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US