بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانوں پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے احمد آباد کے کنسرٹ میں معروف پاکستانی شاعر منیر نیازی کے اشعار سنا دیے۔
نریندر مودی اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران دلجیت نے اپنے گانوں میں شراب اور نشے کے حوالوں پر پابندی کے مطالبات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی فنکاروں کے گانوں پر اعتراض نہیں کیا جاتا، لیکن انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
گلوکار نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہ اکسائیں، میں اپنا شو کروں گا اور چلا جاؤں گا۔ انہوں نے اپنی بھارتی شناخت پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت میں ہی پیدا ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے موسیقار بھی بھارتی ہیں۔
واضح رہے کہ چندی گڑھ کے ایک پروفیسر نے دلجیت کے چار گانوں میں شراب، منشیات اور اسلحے کے حوالوں پر اعتراض کرتے ہوئے ان کی پرفارمنس روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔