شہریار منور کو ڈرامے میں منفی کردار ادا کرنے پر تنقید کا سامنا، اداکار نے مداحوں کو اہم پیغام دے دیا

image

"امان گجر جیسے شکاری ہمارے معاشرے میں موجود ہیں اور اکثر کسی کی نظر میں آئے بغیر اپنا کام کرتے رہتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں سے کھل کر بات کریں تاکہ انہیں ایسے درندوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔"

پاکستان کے معروف اداکار شہریار منور ان دنوں اپنے ڈرامے ’درِ نجات‘ میں امان گجر کے کردار کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ ڈرامے کی حالیہ اقساط میں ان کی اداکاری کو جہاں بھرپور سراہا جا رہا ہے، وہیں کردار کے نامناسب رویے پر ناظرین شدید ناپسندیدگی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

ڈرامے میں شہریار منور نے ابو بکر کے والد اور خوش بخت کے شوہر امان گجر کا کردار ادا کیا ہے۔ ماضی کے مناظر میں امان کو ایک ایسے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے جو خواتین کے ساتھ غیر مناسب انداز اختیار کرتا ہے، جبکہ نوجوان خوش بخت کا کردار سحر ہاشمی نے نبھایا ہے۔

ڈرامے کے یہ مناظر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ایک خاتون صارف نے شہریار منور کی اداکاری پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ابو بکر کے والد جس انداز سے دیکھ رہے ہیں، اسے دیکھ کر اسکرین کے دوسری جانب بیٹھے ہوئے بھی ہراسانی محسوس ہو رہی ہے۔

اس تبصرے پر شہریار منور نے جواب دیا کہ یہی تو انہیں اداکاری کے ذریعے دکھانا تھا، اس لیے وہ اس ردعمل کو اپنی کارکردگی کی تعریف سمجھتے ہیں۔

ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ پر اداکار نے واضح کیا کہ امان گجر جیسے کردار صرف ڈراموں تک محدود نہیں بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں، جن کی غلط حرکتیں اکثر دوسروں کی نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کے ساتھ مضبوط رابطہ رکھیں اور انہیں ایسے افراد سے محفوظ رہنے کے بارے میں آگاہ کریں۔

شہریار منور کا شمار پاکستان کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ زندگی گلزار ہے، پہلی سی محبت، کچھ ان کہی اور اے عشقِ جنون سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔ اداکاری کے ساتھ اب وہ پروڈکشن کے شعبے میں بھی سرگرم ہیں اور ’درِ نجات‘ میں ان کے کام کو خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔

ڈرامے میں ان کے کردار پر سامنے آنے والے سخت ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہریار منور امان گجر کی منفی شخصیت کو ناظرین کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US