وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی تعاون میں وسعت اور باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور عمان کے درمیان ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن کے موقع پر عمانی وزیر تجارت کو مبارکباد پیش کی اور عمان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے لیے ایک مؤثر روڈ میپ ہے۔
ملاقات میں عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔
دونوں جانب سے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔