اسپیشل اولمپکس پاکستان کے زیر اہتمام خصوصی افراد سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی میں بارہویں یونیفائیڈ میراتھن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مردوں کی 21 کلومیٹر ہاف میراتھن انٹرنیشنل ایتھلیٹ محمد سجاد نے اپنے نام کرلی۔
اتوار کے روز ڈی ایچ اے کے علاقے ایمار سینٹر کے قریب ساحل سمندر پر منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جن میں خصوصی افراد، عام شہری، ان کے اہل خانہ، سرکاری افسران، کھلاڑی، شوبز شخصیات اور غیر ملکی سفارت کار شامل تھے۔
میراتھن کا باضابطہ افتتاح ذوالفقار لاکھانی نے کیا جبکہ اختتامی تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے خطاب کیا جبکہ برانڈ ایمبیسیڈر ثروت جیلانی، ڈاکٹر اختیار بیگ، یوسف حسین، مبشر حسن، ماجد عزیز، حاجی غلام محمد خان، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز اقرا جنت اور اسسٹنٹ کمشنر سول لائنز ڈاکٹر شہریار بانو رائے سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
ایونٹ میں تجربہ کار دوڑنے والوں کے لیے 21 کلومیٹر ہاف میراتھن سمیت 10 اور 5 کلومیٹر کی دوڑیں رکھی گئیں، جبکہ بچوں، بزرگوں اور خصوصی افراد کے لیے ایک کلومیٹر کی یونیفائیڈ واک اور وہیل چیئر ریس کا اہتمام بھی کیا گیا۔ مردوں کی 21 کلومیٹر دوڑ میں محمد سجاد اول، یونس خان دوم اور امین مکاتی سوم رہے۔ خواتین کی ہاف میراتھن عظمیٰ نے جیتی جبکہ سنجیتا نے دوسری اور عظمیٰ عابد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دس کلومیٹر کے مردوں کے مقابلے میں عثمان پہلے، اذان دوسرے اور معاذ اویس تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ خواتین کی 10 کلومیٹر دوڑ دس سالہ کائنات خلیل نے جیت لی، سحرش خان نے دوسری اور ایمیلی نے تیسری پوزیشن پائی۔ ایونٹ کے دوران میکڈونلڈز پاکستان سمیت مختلف اداروں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز پر شرکا کو مفت کھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئیں۔