کرکٹ کے میدان میں ایک دوسرے کے مدمقابل آنے سے پہلے پاکستان اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں نے مذہبی اخوت اور باہمی احترام کی خوبصورت مثال قائم کردی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے سیمی فائنل سے قبل ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا، جب پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے مسلم کھلاڑیوں نے ایک ساتھ نمازِ جمعہ ادا کی۔
27 نومبر کو ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے سے پہلے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سمیت اسٹاف کے ارکان بھی باجماعت نماز میں شریک ہوئے۔
اس موقع کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں، جنہیں کرکٹ شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کھیل میں مقابلہ اپنی جگہ، لیکن مذہبی بھائی چارے اور ایک دوسرے کے احترام کی اپنی اہمیت ہے۔
دوسری جانب سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن مقابلہ اتوار 29 نومبر کو پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔