آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے آئندہ ماہ شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دے دی ہے، جس میں نئے چہروں کو موقع دینے کے ساتھ ساتھ چند سینئر کھلاڑیوں کی واپسی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
آسٹریلوی اسکواڈ کی کمان پیٹ کمنز کے سپرد کی گئی ہے جبکہ اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور ٹریوس ہیڈ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ دیگر منتخب کھلاڑیوں میں الیکس کیری، کیمرون گرین، اسکاٹ بولینڈ، جوش انگلس، مائیکل نیسر، میتھیو رنشا، جیک کلیٹن اور کوری روکی چولی شامل ہیں۔ بلے باز جیک کلیٹن اور اسپنر کوری روکی چولی کو پہلی بار قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں طلب کیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر تجربہ کار اسپنر نیتھن لیون کو ڈراپ کرنا ایک کٹھن فیصلہ تھا، جبکہ ایک مزید کھلاڑی کا انتخاب شیفلڈ شیلڈ کے آئندہ راؤنڈ کے بعد کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ نے دورہ آسٹریلیا کے لیے سات فاسٹ بولرز پر مشتمل 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت ٹام لیتھم کریں گے۔ کیوی اسکواڈ میں ول او رورکی، میٹ فشر اور مائیکل رائے کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ فٹنس مسائل سے دوچار مچل سینٹنر اور بلیئر ٹکنر مکمل صحت یابی کے بعد آسٹریلیا میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
اسکواڈ کے دیگر اراکین میں ڈیون کانوے، ڈیرل مچل، راچن رویندرا، گلین فلپس، ہنری نکلز، ٹام بلنڈل، ول ینگ، ڈین فوکس کرافٹ، جیکب ڈفی، میٹ ہنری، کائل جیمیسن اور نیتھن اسمتھ شامل ہیں۔
دونوں روایتی حریفوں کے مابین چار میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز 9 دسمبر کو پرتھ سے ہوگا۔