کراچی: نیشنل اسکیم آف اسٹیڈیز جس میں دیگر صوبوں کے طرز پر صوبہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں کل نمبر 850 سے بڑھا کر1100 کر دیئے گئے ہیں اس سلسلے میں نویں جماعت کے کل نمبر 550 اور دسویں جماعت کے کل نمبر 550 ہوں گے جس کے تحت ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ریسرچ سیکشن نے نئے ماڈل پیپرز کا اجرا ء کر دیا ہے۔ان ماڈل پیپرز کا اطلاق جماعت نہم 2021 وآئندہ اور جماعت دہم 2022 و آئندہ کیلئے ہوگا۔ صوبہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں سب سے پہلے میٹرک بورڈ کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ماڈل پیپرز بنائے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ بورڈ کے ریسرچ سیکشن نے نیشنل اسکیم آف اسٹیڈیز کے مطابق ماڈل پیپرزتیار کئے ہیں تاکہ اساتذہ اور طلباء و طالبات کو امتحان کی تیاری کیلئے رہنمائی مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کے ریسرچ سیکشن نے گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کے سینئر اساتذہ کی نگرانی میں ماڈل پیپرز تیار بنوائے ہیں ،اس سے پہلے باقاعدہ ورکشاپ کا انعقاد کرایا گیا تھا جس میں اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی تھی۔ ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر کے مطابق پہلے مرحلے میں ہم نے نویں اور دسویں سائنس گروپ کے مضامین کے ماڈل پیپرز تیار کئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں جلد ہی جنرل گروپ کے ماڈل پیپرز کا اجرا کر دیا جائے گا۔نہم جماعت سائنس گروپ 2021 وآئندہ میں انگریزی پرچہ اول، اردو (لازمی) نارمل کورس، سندھی (لازمی) نارمل کورس ، (سندھی میڈیم طلبہ کیلئے) ، اسلامیات لازمی، اخلاقیات (غیر مسلم طلباء کیلئے)، کیمسٹری نظری و عملی، حیاتیات نظری و عملی، کمپیوٹر نظری و عملی، فزکس نظری و عملی اور ریاضی کے مضامین شامل ہیں جبکہ 2022وآئندہ دہم جماعت سائنس گروپ کیلئے سندھی سلیس، اردو سلیس (آسان)، مطالعہ پاکستان کے ماڈل پیپرز شامل ہیں۔اس سال 2021ء نہم جماعت کا امتحان تخفیف شدہ نصاب کے مطابق لیا جائے گا جو کہ نئے ماڈل پیپرز کے طرز پر ہوگا جبکہ 2021 میٹرک کا امتحان پرانے ماڈل پیپرز کے طرز پر ہوگا ۔ ماڈل پیپرز بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔