کراچی کے علاقے قائد آباد میں ٹریلر سے ٹکر کے بعد ہزاروں لیٹر سویا بین تیل ٹینکر سے رس کر سڑک پر پھیل گیا، جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد خطرے کو نظر انداز کرتے ہوئے سویا بین تیل کی بالٹیاں بھرنے کیلئے پہنچ گئی۔
قائد آباد کی مرکزی سڑک پر ہونے والے اس حادثے کے بعد سویا بین کا تیل سڑک کے دونوں اطراف پھیل گیا جس کی پھسلن سے کئی موٹر سائیکل سوار بھی سلپ ہو کر زخمی ہوگئے۔بالٹیوں اور بوتلوں میں تیل جمع کرتے شہریوں کا کہنا تھا کہ اسے ہم بچوں کے سر پر لگائیں گے، جب کہ سویا بین ٹینکر چلانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ کچا سویا بین کا تیل ہوتا ہے، جو اسے کھائے گا وہ مرجائے گا۔ حادثے کے شکار ٹینکر سے متعلق ٹینکر اڈے والے کا کہنا تھا کہ متاثرہ ٹینکر میں ساڑھے انتیس ٹن تیل موجود تھا، جو کہ ساٹھ لاکھ روپے مالیت کا تیل تھا۔حادثے کے بعد کئی گھنٹوں تک سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک معطل رہا، جس کے بعد انتظامیہ نے جمعرات کی صبح تک سڑک کے ایک ٹریک کو ٹریفک کیلئے بحال کردیا ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کیلئے اوقات مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ حادثے کا شکار ٹینکر مقررہ وقت سے پہلے ہی سڑک پر موجود تھا۔
