پاکستانی شوبز کے مقبول نوجوان اداکار فیروز خان نے اہلیہ کے بیان کے بعد سے علیحدگی کے حوالے سے خاموشی توڑ دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فیروز خان نے لکھا کہ مجھے ملک کے ایک قانون کی پاسداری کرنے والے شہری کی حیثیت سے عدالت کے انصاف پر مکمل اعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیملی کورٹ میں میری اور علیزے کی طلاق تین ستمبر کو ہوگئی تھی اور 19 ستمبر کو میں نے عدالت سے اپنے بچوں فاطمہ اور سلطان سے ملنے کی درخواست کی تھی۔
فیروز خان کے مطابق 21 ستمبر کو عدالتی حکم پر آدھے گھنٹے تک میری بچوں سے ملاقات کروائی گئی تھی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک اکتوبر تک ملتوی کی ہے اس تاریخ کو کیس کی پیروی ہوگی جس کے فیصلے کے بعد میں اپنے بچوں سے ملاقات کرسکوں گا۔
فیروز خان کا کہنا تھا کہ علیزے میری سابقہ اہلیہ ہیں میں ان کی سپورٹ جاری رکھوں گا وہ میرے بچوں کی ماں ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں اس پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہوں گا کیونکہ عدالت میں کیس زیر سماعت ہے۔