شادی ہالز ایسوسی ایشن نے کراچی انتظامیہ کی طرف سے ہالز مسمار کیے جانے پر عید الاضحیٰ کے بعد کراچی بھر میں شادی ہالز بند کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات ک مطابق شادی ہالز کے مالکان نے عید کے بعد احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔ شادی ہالز ایسوسی ایشن کی طرف سے عید کے بعد کراچی میں تمام شادی ہالز بند کرنے کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔
اس حوالے سے صدر شادی ہال ایسوسی ایشن رانا رئیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر شادی ہالز مسمار کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا توعید کے بعد شادی ہال بند کردیں گے۔ حکومت کی طرف سے اگر اس معاملے پر نظر ثانی نہیں کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
رانا رئیس نے احتجاج کا لائحہ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں شہر بھر میں شادیوں کی تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائے گا جس کے بعد یہ سلسلہ پورے سندھ تک پھیل جائے گا اور سندھ کے شادی ہالز بھی بند ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور کراچی انتظامیہ کی جانب سے قانونی شادی ہالز کو بھی مسمار کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ قانونی کاغذات موجود ہونے کے باوجود ہالز مسمار کردیے جاتے ہیں۔
صدر شادی ہالز ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی اس کارروائی کے خلاف شادی ہالز مالکان میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے بھی صورتحال کا نوٹس لینے کا مظالبہ کیا۔