اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیر تجارت جام کمال خان نے وزیر اعظم پاکستان کے سرکاری وفد کے ہمراہ چینی حکومت کی دعوت پر 6 سے 8 جون 2024 تک بیجنگ کا دورہ کیا۔وزیر تجارت نے وزیر اعظم کے ہمراہ چینی وزیر اعظم لی کیانگ کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کے علاوہ مختلف مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
منسٹری آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر تجارت نے ظہرانے کے دوران اپنے ہم منصب مسٹر وانگ وینتاو کے ساتھ بات چیت کی اسکے علاوہ وزیر تجارت نے وزیراعظم کے ہمراہ ایک بڑے ٹیکسٹائل گروپ کے چیئرمین شانڈونگ روئی سے ملاقاتیں کیں جس نے پاکستان میں ٹیکسٹائل فیکٹری کی ترقی میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔وہ پاکستان میں سولر پینل مینوفیکچرنگ، ایگریکلچر پارک کی ترقی اور بیج ٹیکنالوجی کی منتقلی اور گرین ہائیڈروجن انرجی کی ترقی سے متعلق کچھ اہم مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے ۔وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر وزیر تجارت اور وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری نے معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان جن میں سینوکیم، چائنا نیشنل کیمیکل انجینئرنگ (دو بڑی سرکاری ملکیت والی پیٹرو کیمیکلز اور کیمیکل کمپنیاں)، سینوما (سیمنٹ) شامل ہیں سے ملاقاتیں کیں۔