بنگلہ دیش: مظاہروں میں ہلاکتیں، اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم جائزہ لینے ڈھاکہ پہنچ گئی

image

اقوام متحدہ کی ایک ٹیم بنگلہ دیش کی عبوری حکومت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقات کے لیے دارالحکومت ڈھاکہ پہنچی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو بنگلہ دیش پہنچنے والی یہ ٹیم گزشتہ دنوں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے طریقوں کا جائزہ لے گی۔

بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے حکومت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران لگ بھگ 300 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جن میں سے اکثر یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ تھے۔

ان احتجاجوں کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ اس کے بعد نوبل انعام یافتہ ماہر معیشت محمد یونس نے بنگلہ دیش کی نئی عبوری حکومت کی سربراہی سنبھالی۔

بنگلہ دیش میں اقوام متحدہ کے دفتر نے اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشن کی ٹیم کا یہ دورہ آٹھ روزہ (22 سے 29 ستمبر تک) ہو گا۔

بیان کے مطابق ’اس دورے کا مقصد انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے

نئی عبوری حکومت کی ترجیحات کو سمجھنا ہے۔‘ اور یہ بھی بتایا گیا ہے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے اقوام متحدہ سے احتجاج کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی جانچ کی درخواست کی تھی۔

اقوام متحدہ کے دفتر نے مزید کہا ہے کہ ’یہاں یہ بات ملحوظ رہے کہ اس دورے کا مقصد تحقیقات نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے طریق کار کے متعلق تبادلہ خیال کرنا ہے۔‘

اقوام متحدہ کی اس ٹیم کی سربراہی روری موگوون کر رہے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو سکریٹری خارجہ مسعود بن مومن سے ملاقات کی ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.