راولپنڈی ٹیسٹ: تیسرے دن کے اختتام پر بنگلہ دیش کے 316 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ

image

دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلی اننگز جاری ہے۔

جمعے کو راولپنڈی سٹیڈیم میں میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر بنگلہ دیش نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 27 رنز پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔

بنگلہ دیش کے پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز شکیب الحسن تھے جو 15 رنز بنا سکے اور انھیں صائم ایوب نے آوٹ کیا۔ اس سے پہلے شادمان اسلام 93 رنز پر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

دو وکٹیں جلدی گرنے کے بعد شادمان اسلام اور مومن الحق کے درمیان 94 رنز کی شراکت داری نے اننگز کو مستحکم کیا۔

مومن الحق ففٹی مکمل کر کے خرم شہزاد کا دوسرا شکار بنے۔ 

پاکستان کو پہلی کامیابی 31 کے مجموعی سکور پر ملی جب ذاکر حسین 12 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 53 پر کپتان نجم الحسین شانتو کی گری جنھیں خرم شہزاد نے 16 رنز پر بولڈ کر دیا۔

اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز 448 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 171 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سعود شکیل نے 141 اور صائم ایوب نے 56 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے شوریفُل اسلام اور حسن محمود نے دو دو جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے دن کا کھیل

محمد رضوان نے 241 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسرے دن کا آغاز سعود شکیل اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے کیا اور دونوں بیٹرز دن کے پہلے اوور سے ہی مضبوط دکھائی دیے۔

محمد رضوان اور سعود شکیل نے لمبی اور مضبوط پارٹنرشپ قائم کی جس کے دوران بنگلہ دیشی بولرز بے بسی کی علامت بنے رہے۔

240 رنز کی اس شاندار شراکت کے دوران محمد رضوان اور سعود شکیل نے اپنی اپنی سینچریاں بھی مکمل کیں۔

سعود شکیل نے 261 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 141 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے۔ انہوں نے 241 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 171 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد علی اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں نجم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمار داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن میراز، شوریفُل اسلام، حسن محمود اور ناہید رانا شامل ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.