امریکی کرکٹر علی خان ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کو ہرانے کے لیے پُرامید

image

رواں برس ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کھیلا گیا آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوا۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم امریکہ کے ہاتھوں تاریخی شکست سے دوچار ہونے کے بعد روایتی حریف انڈیا سے ہار کر پہلے مرحلے میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔

پاکستان کے خلاف تاریخی جیت حاصل کرنے والی امریکی ٹیم کے کھلاڑی علی خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اُن کی ٹیم پاکستانی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر ہرا سکتی ہے۔

کرکٹ کی خبروں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ پاک پیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے علی خان نے انکشاف کیا کہ امریکی ٹیم پر ہارنے کا کوئی دباؤ نہیں تھا، جس کی وجہ سے پاکستان کو انہوں نے شکست دی۔

پاکستانی نژاد امریکی فاسٹ بولر علی خان کہتے ہیں کہ ’ہم کسی بھی دباؤ میں نہیں تھے تاہم پاکستانی ٹیم دباؤ میں تھی۔ ہمیں علم تھا کہ ہم انہیں ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے فٹنس سمیت پاکستان کو تمام چاروں شعبوں میں شکست دی۔‘

علی خان کہتے ہیں کہ اگر دوبارہ موقع ملے تو امریکہ پاکستان کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم انہیں (پاکستان کو) دوبارہ سے ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ میرے خیال سے ہم بہت اچھی ٹیم ہیں اور اگر مکمل سکواڈ کے ساتھ کھیلیں تو ہم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ 6 جون کو ڈیلس میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں امریکہ نے پاکستان کو سپر اوور میں ہرا دیا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.