سکھ یاتری آنکھیں بند کر کے پاکستان آئیں، آدھے گھنٹے میں ویزہ ملے گا: وزیر داخلہ

image

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی سکھ یاتری کو یہاں آںے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا چاہے وہ سال میں دس بار آنا چاہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں امریکی سکھ یاتریوں کے وفد سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ اب یاتریوں کی پاکستان آمد کے لیے کوئی ویزہ فیس نہیں ہوگی۔ ’چاہتے ہیں سالانہ دس لاکھ یاتری پاکستان آئیں۔‘

پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ابھی 50 ہزار سے ایک لاکھ سکھ یاتری آتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ یہ تعداد دس لاکھ سالانہ ہو جائے اور نوجوان نسل بھی پاکستان آئے۔‘

انہوں نے کہا کہ امریکہ سے پاکستان آںے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ کچھ مسائل ہیں جن کو جلد از جلد ختم کر دیں گے تاکہ سکھ یاتری پاکستان میں آسانی سے اور زیادہ سے زیادہ مذہبی مقامات کی یاترا کر سکیں۔

انہوں نے مہمان یاتریوں سے کہا کہ ’ابھی آپ صرف ننکانہ صاحب، حسن ابدال، لاہور اور کرتار پور جاتے ہیں، اس کے علاوہ بھی اگر آپ کہیں جانا چاہیں ہم آپ کو سہولیات فراہم کریں گے۔‘

وزیر داخلہ نے سکھ یاتریوں کو بتایا کہ ’ہم نے پاکستان کو 124 ملکوں کے شہریوں کے لیے ویزہ فری کر دیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جب دل کرے آن لائن فارم بھریں، آدھے گھنٹے میں آپ کو ویزہ ملے گا اور اس کے بعد جب آپ کا دل کرے فلائٹ لیں اور پاکستان آئیں۔‘

محسن نقوی نے کہا کہ ’جہاں جہاں آپ لوگوں کا کوئی مقدس مقام ہے ہم اُس جگہ کو آپ کے لیے کھول دیں گے پھر اس کے لیے آپ کو اجازت نامے لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے فیز میں جس سکھ یاتری کے پاس برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا کا پاسپورٹ ہے وہ آنکھیں بند کر کے پاکستان آ جائے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.