لائیو: پی ٹی آئی 24 نومبر کو کامیاب نہیں ہوگی، نواز شریف

image
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کی 24 نومبر کو احتجاجی کال کے حوالے سے کہا ہے کہ ’وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔‘

سنیچر کو لندن سے پاکستان کے لیے روانگی کے وقت ایک صحافی کے اس سوال پر کہ جو 24 نومبر کو دھرنے کی کال ہے تو کیا آپ سمجھتے ہیں کہ یہ (پی ٹی آئی) ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں؟ اس پر نواز شریف نے کہا کہ ’بالکل جو آپ نے الفاظ کہے ہیں میں یہی سمجھتا ہوں لیکن ان شا اللہ وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔‘

------------------------------------------------------------------------------

9 مئی کے زیرِالتوا کیسز کا جلد از جلد فیصلہ ہونا چاہیے، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے زیرِالتوا کیسز کا جلد از جلد فیصلہ ہونا چاہیے۔

سنیچر کو ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے دعویٰ کہا کہ ’9 مئی کے حملوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، تحریک انصاف کے لوگ اور عمران خان رٹ لگاتے رہے کہ ہمارے لوگ نہیں تھے۔‘

’ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے، تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما 9 مئی کے حملوں میں ملوث تھے، جماعت کے عہدیداروں کو 9 مئی کے لئے ہدایات دی گئی تھیں۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کیے، شہدا کی یادگاریں مسمار کیں،9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماﺅں کی ویڈیوز موجود ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، ان فوٹیجز سے صاف ظاہر ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث تھے۔

--------------------------------------------------------------------------------

ہیلتھ ایمرجنسی، لاک ڈاؤن کے باوجود لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پھر پہلے نمبر پر

پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے لیکن لاہور کی صورتحال ابھی بھی سنگین ہے اور سنیچر کو فضائی آلودگی اور سموگ کی وجہ سے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پھر پہلے نمبر پر آ گیا۔

دنیا کے آلودہ شہروں میں انڈیا کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر پر ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈکس 541 جبکہ نئی دہلی کا ائیر کوالٹی انڈکس 332 تک پہنچ گیا ہے۔

ورلڈ ایئر کوالٹی ایجنسی نے لاہور کی فضا کو مضر صحت قرار دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے سموگ کی ابتر صورت حال کی وجہ سے گذشتہ روز جمعے کو لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔

سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’سموگ کا مسئلہ ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہو چکا ہے اس لیے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حکومت نے سموگ کی روک تھام کے لیے دس سال کی پالیسی دی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ دھواں کے اخراج کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹے مسمار کیے جا رہے ہیں۔

سینیئر وزیر کے مطابق ’آئندہ جمعے، ہفتے، اتوار کو لاہور اور ملتان میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا اور اگر صورتحال زیادہ خراب ہوئی تو لاک ڈاؤن پہلے کر دیا جائے گا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ سکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے جبکہ کالجز اور یونیورسٹیز کو آن لائن کر رہے ہیں۔‘

جمعے کو جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے، یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا، جبکہ مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔

سموگ کے تدارک کے لیے محکمہ موسمیات نے گذشتہ روز پنجاب میں مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ بھی کیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں ’کلاوڈ سیڈنگ‘ کے ذریعے بارش کی گئی۔

بیان کے مطابق ’کلاوڈ سیڈنگ کے اثرات لاہور پر بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے، مصنوعی بارش سے سموگ میں کمی لانے میں بڑی مدد ملے گی۔‘

----------------------------------------------------------------

لاہور پولیس کے سموگ کا باعث بننے والے عناصر کو دو کروڑ کے جرمانے

لاہور پولیس نے رواں برس کے دوران انسداد سموگ کارروائیاں کرتے ہوئے سموگ کا باعث بننے والے عناصر کو ایک کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رواں برس سمو گ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 212 مقدمات درج کر کے 228 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اور ایک کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

’رواں برس 50 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور دھواں چھوڑنے والی 4 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں۔‘

بیان کے مطابق فیول، تار کول اور کاربن بورڈ جلانے پر آٹھ ملزمان، کنسٹرکشن میٹریل کے 89 جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے پر 18ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔ ٹائرز، پلاسٹک، شاپنگ بیگز جلانے پر 29، کارخانوں کے 51 اور کوڑے کو آگ لگانے پر 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

-----------------------------------------------------------------

ضلع قلات میں سات ایف سی اہلکار ہلاک، سیاسی قیادت کی مذمت

صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں سات اہلکار ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔

لیویز کے مطابق حملہ جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات کو قلات کی تحصیل منگچر سے تقریباً 15 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے جوہان میں فرنٹیئر کور کی 61 ونگ کی شاہ مردان چوکی پر کیا گیا۔

درجنوں حملہ آوروں نے چوکی کو گھیرے میں لے کر راکٹ، دستی بم اور دوسرے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔

قلات کی ضلعی انتظامیہ کے ایک افسر نے حملے میں سات ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت اور 18 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کےلیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

قلات میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکت کی وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے مذمت کی ہے۔

دوسری جانب بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قلات میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تفصیلات جلد میڈیا میں جاری کی جائیں گی۔

آئی جی پنجاب کا صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم

آئی جی پنجاب عثمان انور نے ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیشِ نظر صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

گورنر پنجاب سلیم حیدر سے آئی جی پولیس پنجاب عثمان انور نے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

عمران خان کی نو مئی واقعات کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور، انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ جاری

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی 9 مئی واقعات کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 5 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا کہ عمران خان ان مقدمات میں نامزد نہیں تھے، انہیں ضمنی بیان کی روشنی میں نامزد کیا گیا اور ان پر صرف مجرمانہ سازش کی حوصلہ افزائی کے الزامات ہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق پولیس افسران نے اس سازش کو سنا لیکن حیران کن طور پر پولیس حکام نے اپنے کسی اعلیٰ افسر کو اس سازش کے بارے میں نہیں بتایا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے گرفتاری سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا جبکہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے سامنے نو مئی کے واقعات کی مذمت بھی کی۔

لاہور میں سموگ، الحمرا آرٹس کونسل کا ثقافتی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان

لاہور میں سموگ سے  پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث الحمرا آرٹس کونسل نے حکومتی احکامات کے مطابق 16 سے 24 نومبر تک تمام ثقافتی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

صوبہ پنجاب نے جمعے کو نوٹیفیکشن جاری کیا تھا جس کے تحت تعلیمی اداروں کو بند کر کے آن لائن کلاسز کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے جبکہ آن لائن کلاسز کے ذریعے پڑھائی جاری رہے گی۔  مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکولز 24 نومبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اے سی سی اے کی 120 سالہ تاریخ میں عائلہ مجید پہلی پاکستانی صدر منتخب

ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی عائلہ مجید کو صدر منتخب کر لیا ہے۔

عائلہ مجید اے سی سی اے کی 120 سالہ تاریخ میں پاکستان سے اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والی پہلی شخصیت بن گئی ہیں۔ 

عائلہ مجید پلانیٹیو مڈل ایسٹ اور اسلام آباد میں قائم پلانیٹیو پاکستان کی بانی اور سی ای او ہیں، جو ڈیکاربونائزیشن، پائیداری اور توانائی کے حوالے سے خدمات سرانجام دیتی ہیں۔

عائلہ مجید نے 2006 میں اے سی سی اے میں شمولیت اختیار کی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.