’حملے کا خطرہ‘، یوکرین کے دارالحکومت کیئف میں امریکی سفارت خانہ بند

image
یوکرین کے دارالحکومت کیئف میں امریکی سفارت خانے کو ممکنہ فضائی حملے کی اطلاع ملنے کے بعد بند کر دیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ برائے قونصلر امور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کیئف میں امریکی سفارت خانے کو بدھ کو ممکنہ اہم فضائی حملے کی اطلاع ملی ہے اور اسے بند کر دیا جائے گا۔‘

کیئف میں قائم امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں محکمے نے کہا ہے کہ ’احتیاط کے پیش نظر سفارت خانہ بند کر دیا جائے گا اور سفارت خانے کے عملے کو پناہ لینے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔‘

بیان کے مطابق ’سفارت خانے نے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایئر الرٹ جاری ہونے کی صورت میں فوری طور پر پناہ لینے کے لیے تیار رہیں۔‘

یہ انتباہ یوکرین کی جانب سے روسی سرزمین پر حملے کے لیے اے ٹی اے سی ایم ایس میزائلوں کے استعمال کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔

صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے یوکرین کو روس میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے امریکی ساختہ لانگ رینج ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت دی تھی۔

اس اجازت کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے یوکرین نے جنگ کو ہزار دن مکمل ہونے پر پہلی مرتبہ امریکی لانگ رینج میزائلوں سے روسی سرزمین پر حملہ کیا۔

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کئی ماہ قبل امریکہ سے درخواست کی تھی کہ وہ یوکرین کی فوج کو اپنی سرحد سے دور روسی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے امریکی ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دے۔​

روس کئی مہینوں سے مغرب کو خبردار کر رہا تھا کہ اگر واشنگٹن نے یوکرین کو امریکی، برطانوی اور فرانسیسی میزائل روس میں داغنے کی اجازت دی تو ماسکو نیٹو کے ان ارکان کو یوکرین کی جنگ میں براہِ راست ملوث سمجھے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.