اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنا تو مذاکرات آگے نہیں چلیں گے: حامد رضا

image

حکومت سے مذاکرات کرنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم تیسرے مذاکراتی دور کے لیے تیار ہیں، حکومت جوڈیشل کمیشن کے لیے ورکنگ کرکے آئے اور اگر 31 جنوری تک جوڈیشل کمیشن نہیں بنا تو مذاکرات آگے نہیں چلیں گے۔

اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان سے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا تو مذاکرات کا سلسلہ نہیں چل سکتا، مذاکرات کی حتمی تاریخ 31 جنوری ہی ہے، تیسرے راؤنڈ کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ابھی تک مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوسکی، تیسری میٹنگ میں پیشرفت کرنا ہوگی۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانےکی گیند حکومت کے کورٹ میں ہے، دو مطالبات تحریری شکل میں فراہم کردیں گے۔

مذاکراتی کمیٹی کے دیگر ارکان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج پھر کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جو ذمہ داروں کا تعین کرے، بانی سے ملاقات ہماری خواہش کے مطابق نہ ہوئی، ہم نے کنٹرولڈ ماحول میں ملاقات کی، رات کو دیر سے آگاہ کیا گیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے میں پیغام رسانی کا کردار ادا کیا، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اسد قیصر نے اسپیکر ایاز صادق سے ٹیلیفونک رابطے میں مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔

عمران خان سے ملاقات کے لیے علی امین گنڈا پور سب سے پہلے اڈیالہ جیل پہنچے اور پارٹی سربراہ سے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد مذاکراتی کمیٹی کے دیگر ارکان بھی اڈیالہ جیل پہچنے، مذاکراتی کمیٹی کے ارکان اسد قیصر، عمر ایوب، علی امین گنڈا پور، صاحبزادہ حامد رضا اور علامہ راجہ ناصر عباس کی عمران خان سے ملاقات ہوئی۔

خیال رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی دوسری بیٹھک میں طے پایا تھا کہ تحریک انصاف اپنے مطالبات تحریری شکل میں پیش کرے گی۔

گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق حکومت اور اتحادی فیصلہ کرلیں تو فریقین جب کہیں گے ایک دو روز کے نوٹس پر اجلاس بُلانے کو تیار ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے لیے یہ طے پایا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو ہدایات لینے کے لیے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے گی تاہم تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ حکومت اپنی بات سے مکر گئی ہے اور عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔

چند روز قبل حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا ہمیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینی چاہیے، ہم اپنی شرائط پوری کریں گے تو مذاکرات کے دوران ہماری بات میں وزن ہو گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.