چیمپئنز ٹرافی میں انڈین ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام ہوگا

image
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے انڈین کرکٹ ٹیم کی جرسی پر میزبان پاکستان کے نام والا مونوگرام ہوگا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوجیت ساکھیا نے بدھ کو تصدیق کی کہ انڈین کرکٹ ٹیم کی جرسیوں پر پاکستان کا نام ایک میزبان ملک کے طور پر لکھا جائے گا۔

دیوجیت ساکھیا نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ بی سی سی آئی انڈین کرکٹ ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام لکھنے کے خلاف ہے۔

’کرک بز‘ سے بات کرتے ہوئے دیوجیت ساکھیا نے واضح کیا کہ انڈین کرکٹ ٹیم اور بی سی سی آئی ٹورنامنٹ کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہدایات و ضابطے پر عمل کریں گے۔

پاکستان میں 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی نو مارچ تک جاری رہے گی۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت انڈیا اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا جبکہ پاکستانی ٹیم 23 فروری کو انڈیا کے ساتھ شیڈول تاریخی میچ کھیلنے کے لیے دبئی کا سفر کرے گی۔

دیوجیت ساکھیا کا کہنا تھا کہ ’ہم آئی سی سی کے احکامات کی پیروی کریں گے۔‘

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اگر اںڈیا، میزبان پاکستان کے نام والے آفیشل مونوگرام کو اپنی جرسی پر لگانے سے انکار کرتا ہے تو وہ آئی سی سی کے آفیشل ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرے گا۔

ٹورنامنٹ چاہے ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے وینیو پر کھیلا جا رہا ہو تب بھی حصہ لینے والی ٹیموں کے لیے ضروری ہے کہ وہ میزبان ملک کے مونوگرام والی جرسی ہی پہنیں۔

سنہ 2021 میں انڈیا کی میزبانی میں دبئی میں منعقد ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے انڈیا کے مونوگرام والی جرسی پہنی تھی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل انڈیا کے مقامی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انڈین ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کے مونوگرام والی جرسی نہیں پہنے گی۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.